ساہیوال کول پاور پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا، 7 برس میں 20 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائینگے:شہبازشریف، ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے،وہ دن دور نہیں جب اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ہر طرف اجالوں کا راج ہوگا، چینی کمپنیوں نے منصوبہ 2 برس میں مکمل کرنے کا یقین دلایا ہے، بے پایاں تعاون پر چینی صدر، وزیراعظم ، عوام اور کمپنیوں کے مشکور ہیں،پاکستان میں مشرق وسطیٰ اور مغربی ممالک کی طرح تیل اورگیس کی معدنی دولت تو نہیں تاہم نوازشریف جیسے قائد کی قوت فیصلہ اورغیرمعمولی عزم کی دولت حاصل ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا کول پاو رپلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 31 مئی 2014 07:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والا 1320میگاواٹ کے پلانٹ کاجدیدترین منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے۔ چین کی معروف کمپنیوں کے تعاون سے کوئلے سے چلنے والا یہ پہلا منصوبہ ہے جو پنجاب میں لگایا جا رہا ہے جس کا سنگ بنیاد آج وزیراعظم محمد نواز شریف نے رکھا ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے اندھیرے دور کریں گے اور پنجاب میں اسی طرح کے کوئلے سے چلنے والے مزیدمنصوبے بھی لگائیں گے۔ ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک میں اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ہر طرف اجالوں کا راج ہوگا۔

پاکستان بہت جلد اپنی اصل منزل تک پہنچے گا۔ وہ قادر آباد، ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آج سے ایک سال قبل مئی 2013 کے عام انتخابات میں پاکستانی عوام نے شاندار کامیابی عطا کی اور عوام نے محمد نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انتخابی مہم کے دوران محمد نواز شریف اور میں نے عوام کو یقین دلایا کہ ہم اپنی استعداد کے مطابق پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے لیکن عام انتخابات کے بعد جب محمد نوازشریف تیسری بار وزیراعظم بنے اور توانائی شعبہ کی حالت دیکھی تو اندازہ ہوا کہ انرجی سیکٹر انتہائی خراب صورتحال سے دوچار ہے لیکن وزیراعظم محمد نواز شریف نے معیشت کے استحکام، زراعت کی ترقی اور صنعت کا پہیہ رواں رکھنے کیلئے یہ بڑا چیلنج قبول کیا اور امید کا دامن تھامے رکھا۔

توانائی بحران کے حل کے حوالے سے جامع حکمت عملی طے کی گئی اور روڈمیپ مرتب کرکے آگے بڑھے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ حکومت ہائیڈل، سولر اور کوئلے سے بجلی کے حصول کے منصوبوں پر دن رات کام کر رہی ہے اگرچہ پانی سے بجلی کی پیداوار بہت سستی ہے لیکن کسی بھی ہائیڈل پراجیکٹ کی تکمیل میں چھ سے سات برس لگتے ہیں۔ سولر سے توانائی دن کے وقت سورج کی موجودگی میں حاصل کی جا سکتی ہے ، اسی طرح تیل سے بجلی کی پیداوار انتہائی مہنگی ہے۔

میڈیم ٹرم منصوبہ بندی کے حوالے سے کوئلے سے بجلی کا حصول نہ صرف تیل کے مقابلے میں آدھی قیمت پر ہے بلکہ کوئلے کے منصوبے نسبتاً کم وقت میں مکمل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں مشرق وسطیٰ اورمغربی ممالک کی طرح تیل اور گیس کی معدنی دولت موجود نہیں ۔لیکن ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں وزیراعظم نواز شریف جیسے قائدکی قوت فیصلہ اور غیر معمولی عزم کی دولت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے بجلی کے منصوبوں کیلئے دن رات محنت کی اور 19 فروری 2014 کو بیجنگ میں دونوں ملکوں کے جوائنٹ اکنامک کمیشن کااجلاس ہوا جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ 7 برس کے دوران پاکستان میں 20 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے اور یہ سب ہمارے عظیم دوست چین کے بے پایاں تعاون سے ہی ممکن ہوا۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

زلزلہ ہو یا سیلاب، جنگ ہو یا امن، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور اب بھی پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں چین اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ کیلئے چین کی 2 معروف کمپنیاں شینگ ڈونگ رویائی اور شینگ ڈونگ ہیوانگ نے جوائنٹ وینچر کے تحت سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں چین میں محیرالعقول مقدار میں بجلی پیدا کر رہی ہیں جو کہ پاکستان کی بجلی کی مجموعی پیداوار سے 10 گنا زیادہ ہے۔

چینی کمپنیوں نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ دسمبر 2016 تک مکمل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ تاہم میری درخواست پر چینی کمپنیوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ یہ منصوبہ 2 برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گی۔ دنیا میں آج تک کول پاور پلانٹ کا اتنا بڑا منصوبہ 2 یا اڑھائی برس میں مکمل نہیں کیا جاسکا۔یہ منصوبہ چاہئے 30ماہ میں مکمل ہو یا24ماہ میں دونوں صورتوں میں یہ ایک عالمی ریکارڈہوگا۔

میں خود چینی حکام کے ساتھ ہر ماہ دو بار ساہیوال آ کر منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ انشاء اللہ پنجاب حکومت اس طرح کے مزید منصوبے بھی جلد شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین کے صدر، وزیراعظم، شینگ ڈونگ رویائی گروپ کے چیئرمین اور شینگ ڈونگ ہیوانگ کے حکام سمیت چینی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

بلاشبہ چینی حکومت اور قیادت ایک عزم کے ساتھ پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ صوبائی وزراء خصوصاً ملک ندیم کامران، ولایت شاہ کھگہ اور ان کے بیٹے سمیت ساہیوال کے اراکین اسمبلی ، منتخب نمائندوں ، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، کمشنر ساہیوال ڈویژن، ڈی سی او اور دیگر متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے منصوبے کیلئے زمین کے شفاف انداز سے حصول کیلئے بہت محنت کی جس پر میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔