طالبان کی شمالی وزیرستان کے شہریوں کوعلاقہ خالی کرنے کی دھمکی ،حکومت کی جانب سے مسلسل کارروائی کے بعد امن معاہدہ توڑا گیا ،خدشہ ہے کہ علاقے میں جلد آپریشن شروع کردیا جائے گا ،حافظ گل بہادر گروپ،شہری 10جون تک اہل عیال سمیت علاقے سے نکل جائیں اور حکومت کی جانب سے قائم کیمپوں کے بجائے افغانستان جانے کو ترجیح دیں، مجلس شوریٰ

ہفتہ 31 مئی 2014 07:25

میران شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء ) شمالی وزیرستان میں سرگرم حافظ گل بہادر گروپ نے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مسلسل کارروائی کے بعد امن معاہدہ توڑا گیا ہے اور خدشہ ہے کہ علاقے میں جلد آپریشن شروع کردیا جائے گا اس لئے اہل علاقہ 10 جون تک محفوظ مقامات پر نقل مکانی کرلیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق حافظ گل بہادرگروپ کی مجلس شوری کے اجلاس کے دوران شمالی وزیرستان کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ اس موقع پر شوریٰ ارکان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آئے روز کارروائی کے بعد حکومت کی جانب سے امن معاہدہ توڑا گیا ہے جبکہ مسلسل کارروائی کے دوران شہریوں کے جان اور املاک کو نقصان پہنچا جس کے بعد حکومت سے جنگ کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

طالبان شوری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق حافظ گل بہادر گروپ نے شمالی وزیرستان کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اہل و عیال سمیت 10 جون سے قبل علاقہ خالی کردیں اور حکومت کی جانب سے قائم کیمپوں کے بجائے افغانستان جانے کو ترجیح دیں۔ اعلامیہ میں شہریوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ 10 جون کے بعد حکومتی زیر کنٹرول علاقوں میں نہ جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزا دی جائے گی۔