وزیراعظم نے ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے دو پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،دو منصوبوں سے 1320 میگا واٹس بجلی پیدا ہوگی ،منصوبے پر 158 ارب روپے لاگت آئیگی ، منصوبہ 2016ء میں مکمل ہوگا،بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت دن رات محنت کررہی ہے، آئندہ تین سال میں بجلی کی کمی نہیں ہوگی ،نواز شریف،آٹھ سے دس سال میں اکیس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ، کراچی ، لاہور موٹروے کا جلد افتتاح کرینگے ، گوادر بندرگاہ کو دبئی اور سنگاپور کی طرز پر بنائینگے،چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے پاکستان چین دوستی پہاڑوں سے اونچی ، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے ۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری خطے کی صورتحال تبدیل ہوجائے گی، اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین سمیت خطے میں انقلاب برپا ہوگا، پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرینگے، وزیر اعظم کا ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 31 مئی 2014 07:22

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے 660 میگا واٹس کے دو پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ منصوبے پر 158 ارب روپے لاگت آئیگی ، منصوبہ 2016ء میں مکمل ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ساہیوال میں چین کے تعاون سے 660میگا واٹس کے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف، وزیر مملکت عابد شیر علی اور چینی کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے کوئلے سے چلنے والے دو منصوبوں سے 1320 میگا واٹس بجلی پیدا ہوگی یہ منصوبہ 2016ء میں مکمل ہوگی ۔

منصوبے پر 158 ارب روپے کی لاگت آئیگی ۔ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا اپنی نوعیت کا یہ واحد منصوبہ ہے پنجاب میں اسی نوعیت کے منصوبوں کو لگانے کیلئے چھ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے پنجاب میں پچاس کروڑ ٹن سے زائد کوئلے کے ذخائر موجود ہیں قادر آباد میں ساہیوال منصوبے کی طرز پر پاور پلانٹس لگائیں جائینگے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اس سے قبل شمسی توانائی منصوبے کا بھی افتتاح کرچکے ہیں ۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت دن رات محنت کررہی ہے ، آٹھ سے دس سال میں اکیس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی ، آئندہ تین سال میں بجلی کی کمی نہیں ہوگی ، کراچی ، لاہور موٹروے کا جلد افتتاح کرینگے ، گوادر بندرگاہ کو دبئی اور سنگاپور کی طرز پر بنائینگے ۔ ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں بجلی کے دو منصوبے لگانا خوش آئند ہے منصوبوں میں چین کا تعاون باعث مسرت ہے ۔

چین کی کمپنی کو ایک سال قبل پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی تھی چینی کمپنی نے کم سے کم مدت میں ساہیوال منصوبے کا سنگ بنیاد ممکن بنایا جو ہمارے لئے باعث مسرت ہے اور آج ہم نے اس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا ساہیوال کے لوگوں سے دلی لگاؤ اور ان لوگوں کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا صلہ ہے کہ آج ساہیوال میں 1320 میگا واٹس کے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے کراچی لاہور موٹروے بھی ساہیوال سے گزرے گی اور جلد اس کا افتتاح کرینگے اس منصوبے پر 55ارب روپے لاگت آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ 1320 میگا واٹس کے دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے پر ساہیوال پاکستان کے سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والے شہروں میں شامل ہوگیا ہے ۔ ان منصوبوں سے نہ صرف قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات محنت کررہی ہے توقع ہے ساہیوال میں دونوں توانائی منصوبے 2016ء میں مکمل ہوں گے اس طرح پورٹ قاسم میں دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے گڈانی میں اور آج اکتیس مئی کو نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح کرنے جارہے ہیں ۔

آئندہ آٹھ سے دس سال میں اکیس ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائیگی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے پاکستان چین دوستی پہاڑوں سے اونچی ، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ چینی کمپنیاں تیس فیصد تک منافع حاصل کرینگی اور پاکستان میں آئندہ تین سال میں بجلی کی کمی نہیں ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری خطے کی صورتحال تبدیل ہوجائے گی اقتصادی راہداری میں ریلوے نظام کی بہتری کیلئے گڈانی کے مقام پر دس پاور پلانٹس لگائے جائیں گے اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین سمیت خطے میں انقلاب برپا ہوگا اقتصداری راہداری کے ساتھ ساتھ اقتصادی زون بھی تعمیر کئے جائینگے اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرینگے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تحت خنجراب سے گوادر شاہراہ تعمیر کرینگے خواہش ہے کہ گوادر پورٹ سنگاپور ، دبئی طرز پر بنے خنجراب گوادر خیبر پختونخواہ سے سے ہوتی ہوئی سرنگ کے ذریعے اسلام آباد میں دخل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ریونیو بہت بہتر ہوا ہے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے اور قومی معیشت کے اقتصادی اعشاریئے مثبت ہیں ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں میں شہباز شریف کا کردار نہایت اہم ہے شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راغب کیا جس کے باعث آج ملک میں ہر روز نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے ۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو اندھیروں سے جلد نکالیں گے کم سے کم مدت میں کوئلے سے توانائی کا حصول وزیراعظم کاوژن ہے ساہیوال کے دو منصوبوں سے 1320 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی ملک میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے لیکن وسائل کی کمی ہے ہمارے پاس مشرق وسطیٰ جیسے وسائل ہیں پھر بھی ہم نے ہمت نہیں ہاری کیوں کہ ہمارے ساتھ چین جیسابااعتماد دوست کھڑا ہے پاکستان اور چین کے درمیان بجلی کے کئی سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں چین نے سیلاب ، جنگ اور بجلی بحران کے خاتمے کیلئے ہر وقت ہمارا ساتھ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال منصوبہ دو سال میں مکمل کرکے نیا ریکارڈ قائم کرینگے اس وقت بجلی کی کمی کے باعث بجلی مہنگی فروخت کی جارہی ہے جب بجلی وافر مقدار میں ہوجائے گی سو سستی بھی دی جائے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم محمد نوازشریف نے (جمعہ ) ضلع ساہیوال کے علاقے قادر آباد میں کوئلہ سے چلنے والے دو بجلی گھروں کا سنگ بنیاد رکھا۔منصوبے کی تکمیل سے ایک ہزار تین سو بیس میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔اس منصوبے پر چینی کمپنیوں کا کنسورشیم کام کررہا ہے جو نومبر2016تک مکمل کرلیا جائے گا۔اس پرایک سو پچاس ارب ڈالر لاگت آئے گی۔حکومت پنجاب نے کابینہ کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو منصوبے پر کام کاجائزہ لے گی۔