سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،شیخ رشید،حمزہ شہباز شریف سمیت 34مزیدمعروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے اور عدالتی نوٹسز کی تعمیل کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر

جمعہ 30 مئی 2014 05:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،شیخ رشید،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف سمیت 34مزیدسیاست دانوں اور معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے اور عدالتی نوٹسز کی تعمیل کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید نے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں فریق بنائے گئے چونتیس مزید سیاست دانوں،بیوروکریٹس اور اعلی شخصیات کو عدالت کی جانب سے دو بار نوٹسز بھجوائے گئے مگر عدالتی نوٹس ملنے کے باوجود ان شخصیات نے اپنے جوابات عدالت میں جمع نہیں کرائے جو کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست میں فریق بنائی گئی شخصیات کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا حکم دیا جائے یا کیس کی یکطرفہ کاروائی کا آغاز کیا جائے۔