ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جائیں گے‘ چوہدری نثار علی خان،نواز شریف کی ٹیم ملک کی ترقی کیلئے کام کرتی رہے گی اور کپڑوں کی طرح پارٹیاں بدلنے والے شور مچاتے رہیں گے‘ وفاقی وزیر داخلہ کا جلسہ سے خطاب

جمعہ 30 مئی 2014 05:43

ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لے جائیں گے نواز شریف کی ٹیم ملک کی ترقی کے لئے کام کرتی رہے گی اور کپڑوں کی طرح پارٹیاں بدلنے والے شور مچاتے رہیں گے عوام شور پر توجہ نہ دیں جن کا کوئی منشور اور ایجنڈا نہیں۔ پی او ایف کے ملازمین کیلئے دو ماہ کی تنخواہ بونس دینے کا اعلان کرتا ہوں وزیر داخلہ نے واہ میں پانچ سو بستروں کا ہسپتال لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے الگ الگ دو سکولوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد واہ فیکٹری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پی او ایف پورے پاکستان کا ادارہ ہے جو جدید اسلحہ سازی میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا اسلحہ واہ فیکٹری سے خریدیں انہوں نے کہا کہ آج پورا دن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں کے ساتھ پی او ایف میں گزارا ہے ہم پی او ایف کو تمام تر مسائل سے نکال کر ملک کا ایک عظیم تر اور خطے کا سب سے بہترین دفاعی ادارہ بنائیں گے انہوں نے کہا کہ پی او ایف کے مزدوروں کے لئے میری درخواست پر دو ماہ کی تنخواہ بطور بونس دی جارہی ہے جو کہ 38 کروڑ روپے بنتی ہے انہوں نے چیئرمین پی او ایف جنرل احسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس علاقے کے ہسپتال کیلئے 96 کنال زمین حکومت کو مفت تحفے کے طورپر دی جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے اور اس طرح سے پندرہ سے بیس لڑکیوں اور لڑکوں کے سکول کیلئے دی انہوں نے کہا کہ لڑکیوں اور لڑکوں کے دو سکول پندرہ کروڑ میں ماڈل سکول بنیں گے جن میں ہزاروں بچے تعلیم حاصل کریں گے اور 96 کنال زمین پر ساڑھے چھ ارب کی لاگت سے راولپنڈی ڈویژن کا اعلیٰ ترین ہسپتال بنے گا جسے دنیا دیکھنے آئے گی جس میں تمام ضروریات میسر ہوں گی انہوں نے کہاکہ خدا کو منظور ہوا تو راولپنڈی اسلام آباد ‘ گوجر خان سے لوگ یہاں علاج کیلئے آئیں گے انہوں نے کہاکہ ہسپتال کا ایک حصہ غریب اور مزدوروں کے مفت علاج کیلئے مخصوص کریں گے پہلے مرحلے میں ڈیڑھ سال کے اندر سو بستروں کا ہسپتال ہوگا اور دوسرے اور تیسرے مرحلے میں پانچ سو بستروں پر عظیم الشان ہسپتال ہوگا۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ علاقے کے چھوٹے منصوبوں کیلئے کروڑوں روپے سڑکوں‘ گلیوں‘ سیوریج اور پانی کیلئے استعمال ہوں گے انہوں نے کہا کہ آپ عوام کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ جس پارٹی اور لیڈر کے ساتھ ہوں جس کے دل میں ملک اور عوام کی خدمت کا درد ہے جس نے خود حرام کھایا اور نہ کسی کو کھانے دیا ہے جس کا منشور اور ایجنڈا خدا کی خوشنودی اور عوام کی خدمت ہے ہمیں اس منشور اور ایجنڈے سے کوئی نہیں روک سکتا اور علاقے میں تیزی سے ترقی ہوگی اور دائیں بائیں پراپیگنڈے کرنے والے دیکھتے اور شور مچاتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور اس کی ٹیم پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے گی چیخنے والے وہ لوگ ہیں جو کپڑوں کی طرح پارٹیاں تبدیل کرتے ہیں ان کا نہ کوئی منشور ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا ہے ان پر کوئی توجہ نہ دیں انہوں نے کہا کہ ہم موسم کی طرح پارٹیاں بدلنے والوں میں سے نہیں عوام فخر اور عزت کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں مایوسیوں کے بادل ختم اور غریب پاکستانی عوام کی زندگی میں خوشحالی آئے گی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں آصف علی زرداری کی مہربانی سے ایسا گھر ملا جس کی کوئی چھت ‘ کھڑکیاں ‘ دروازے نہیں تھے ہم نے اس گھر پاکستان کو بحال کرنا ہے ہم عوام اور مسلم لیگ (ن) کو سرخرو کریں گے۔