افغان صدر حامد کرزئی کا وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون،سرحد پار سے بمباری پر شدید تحفظات کا اظہار

جمعہ 30 مئی 2014 05:43

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مئی۔2014ء)افغان صدر حامد کرزئی نے پاکستانی وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلی فون پر بات کی اور پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے سرحد پار سے بمباری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے،جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دوران گفتگو حامد کرزئی نے وزیراعظم کو کہا کہ دہشتگرد سالوں سے سرحدپار کرتے ہیں لیکن افغان فورسز نے سرحد پر معصوم لوگوں پر فائرنگ نہیں کی،انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل افغانستان کے مشرقی حصے میں گولہ باری کرتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے حامد کرزئی کو جواب دیا کہ دہشتگرد پاکستان میں داخل ہوتے ہیں اور یہاں دہشتگردی کی کارروائیاں کرتے ہیں،تاہم وزیراعظم نے سرحد پار بمباری پر حکومتی ذمہ دار اداروں سے بات چیت کا وعدہ کیا ہے،حامد کرزئی نے امریکی کمانڈر سے بھی گولہ باری پر بات چیت کی جس پر جنرل جوزف ڈنفورڈ نے پاکستانی حکام کے ساتھ مسئلہ اٹھانے کا وعدہ کیا،افغان صدارتی محل میں ملاقات میں جنرل ڈنفورڈ نے کہا کہ میڈیا رپورٹس میں گولہ باری کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جبکہ افغان دفاعی وزیر جنرل بسم اللہ محمدی نے کہا کہ دونوں میں صوبہ کنڑ میں 300میزائل فائر کئے گئے ہیں،پاکستانی فوج نے گولہ باری میں کسی بھی کردار سے انکار کیا۔