عمان کی رائل آرمی کے کمانڈر میجر جنرل مطر بن سلام بن راشد البلوشی کی وزیراعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک سے ملاقاتیں ،پاکستان اومان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان فوجی تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے،نواز شریف، دونوں ممالک کے جغرافیائی خدوخال باہمی تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں،اومان کی رائل آرمی کے کمانڈر سے گفتگو، اومان کی ملٹری کو تربیت فراہم کرنے کی پیشکش

جمعرات 29 مئی 2014 07:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اومان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے اومان کی رائل آرمی کے کمانڈر میجر جنرل ماتر بن سلیم بن راشد البیوشی کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی ، گہرے اور مشترکہ یقین ، ثقافت اور روایات پر مبنی ہیں ۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے جغرافیائی خدوخال باہمی تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں ۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تبادلہ کو بڑھانے پر زور دیا اور انہوں نے اپنے تربیتی اداروں کی طرف سے اومان کی ملٹری کو تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اومان کی ترقی میں پاکستانی ہنر مندوں کی خدمات کا حوالہ دیا اور اومان کی حکومت کی جانب سے پاکستان محنت کشوں کو سہولیات فراہم کرنے کو سراہا ۔ اس ملاقات کے دوران اومان کی فوج کے اعلیٰ افسر اومان کے پاکستان میں سفیر ، وزیراعظم کے سیکرٹری اور سیکرٹری دفاع بھی موجود تھے ۔سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک نے کہا ہے کہ ہم علاقے میں امن واستحکام پر یقین رکھتے ہیں اور تمام ملکوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں ، عمان اور پاکستان کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبے میں باہمی تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھانا چاہیے ، پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عمان کی رائل آرمی کے کمانڈر میجر جنرل مطر بن سالم بن راشد البلوشی نے بدھ کو یہاں سیکرٹری دفاع سے ملاقات کی ۔

سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں ۔ سیکرٹری دفاع نے زور دیا کہ او آئی سی کو ایک فعال اور مضبوط ادارہ بننا چاہیے ۔عمان کے وفد نے کہا کہ پاکستان علاقے کا ذمہ دار ملک ہے اور ہم اس کی مسلح افواج اور عوام کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک باصلاحیت قوت ہے جو فنی طورپر انتہائی تربیت یافتہ ہے ہم دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ۔ ملاقات میں تمام مسائل کے حل کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا ۔عمان نے فوجی تربیت کے شعبے میں پاکستان سے تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عمان کی رائل آرمی کے سربراہ میجرجنرل مطر بن سالم بن راشد البلوشی نے بدھ کو یہاں جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا بعد ازاں وفد کو پاک فوج کی آپریشنل اور تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر وفد کو پاک آرمی کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ میجر جنرل بلوشی نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے ۔