وزیراعلیٰ نے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، ٹیکسٹائل پارک کا قیام ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا نقطہ آغاز ہے،200ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی:شہبازشریف،فیصل آباد کی بنجر زمین پر بڑے ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا ،پاکستان اقتصادی طورپرمضبوط ہوگا،چین کے معروف گروپ شینگ ڈونگ رویائی کے اشتراک سے ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی اورفنی مہارتیں منتقل ہو ں گی،تقریب سے خطاب

جمعرات 29 مئی 2014 07:37

فیصل آباد،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ایم تھری انڈسٹریل ا سٹیٹ فیصل آباد میں چین کے صنعتکاروں کے اشتراک سے دو سو ارب روپے کی سرمایہ کاری سے ٹیکسٹائل پارک کا قیام ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا نقطہ آغاز ہے۔فیصل آباد کی بنجر زمین پر بڑے ٹیکسٹائل پارک کے قیام سے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا بلکہ پاکستان بھی اقتصادی طورپرمضبوط ہوگا۔

ٹیکسٹائل پار ک کی بدولت پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی اورفنی مہارت منتقل ہوں گی۔ حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لئے شب روز کوشاں ہے ، ہماری کوششوں کے نتیجے میں اور اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ملک سے بجلی کے اندھیر ے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں گے اور ملک کی صنعت و تجارت کے لئے وافر بجلی دستیاب ہوگی-ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں،روشن مستقبل پاکستان کامنتظرہے اور ترقیاتی میدان میں بلندیوں کو چھونے کے راستے صاف ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آبادمیں چین کے پانچویں بڑے ٹیکسٹائل گروپ کے اشتراک سے رویائی(RUYI)مسعود ٹیکسٹائل پارک کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک میں 270میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ بھی لگائے جارہے ہیں-صوبائی وزیرقانون وبلدیات رانا ثناء اللہ خاں، صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق،چیف ایگزیکٹو آفیسر مسعود ٹیکسٹائل ملز چوہدری شاہدنذیر،چےئرمین فیڈمک خواجہ عاصم خورشید،چےئرمین شینگ ڈونگ رویائی ٹیکسٹائل گروپ یافوکیو(Mr.Yafu Qiu) چین ومقامی صنعتکار،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین دوستی کے مضبوط رشتوں کی بدولت صنعتی ومعاشی ترقی کے لئے یہ انتہائی شاندارلمحات ہیں کہ فیصل آباد کے اس بنجرعلاقے میں بہت بڑے ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے جووزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی ذاتی دلچسپی کی بدولت ممکن ہوا ہے ، یہ ٹیکسٹائل پارک آئندہ چند برس میں تناوردرخت بن جائے گا۔

یہاں زمینوں پر صنعت وحرفت کے سایہ دار شجراگائیں گے جن کے گھنے سائے تلے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا،ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا، ہزاروں محنت کشوں کے گھروں میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دن خوشحالی اورمحنت کے ہیں،ترقی ہر طرف پھیلے گی اورپاکستان صحیح معنوں میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند،سمندر سے گہری،شہید سے میٹھی اورلوہے سے زیادہ مضبوط ہے اور دوستی کے اس لازوال رشتے کو معاشی انقلاب میں بدل دیں گے۔

فیصل آباد میں ٹیکسٹائل پارک کے قیام کی بدولت پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی حاصل ہو گی کیونکہ رویائی ٹیکسٹائل گروپ عالمی سطح پر گارمنٹس،مارکیٹنگ،ٹیکنالوجی اور ایکسپورٹ میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اس ٹیکسٹائل پارک میں 270میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ بھی لگائے جارہے ہیں جو صنعتی میدان میں انقلاب کا پیش خیمہ اوردیگر پاکستانی صنعتکاروں کے لئے ترغیب کا باعث ہے۔انہوں نے کہاکہ نندی پورپاورپلانٹ آئندہ چند روز میں کام شروع کردے گا لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ سابق حکمرانوں نے اس اہم منصوبے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، یہ پاور پلانٹ 3سال تک کراچی اےئرپورٹ پر زنگ آلود پڑا رہا کسی کو احساس نہیں تھا صرف کمیشن کی فکر تھی۔