صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو باقاعدہ تحریری خط ارسال کردیا ہے،عنایت اللہ خان،آئندہ بلدیاتی انتخابات صاف و شفاف انداز میں کرانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہوں گے،صوبائی وزیر بلدیات

بدھ 28 مئی 2014 07:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو باقاعدہ تحریری خط ارسال کردیا ہے ۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات صاف و شفاف انداز میں کرانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے المرکز اسلامی میں جماعت اسلامی کے ورکنگ گروپ برائے بلدیاتی انتخابات کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کی صدارت ورکنگ گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اقبال خلیل نے کی۔ قبل ازیں ورکنگ گروپ کے اجلاس میں صوبائی حکومت کو ایک سال کا عرصہ مکمل ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیااور کہا گیا کہ منتخب مقامی حکومتوں کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں کئے جاسکتے اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعت اسلامی کے منشور کے بنیادی نکات میں شامل ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء نافذ ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل ہوں گے، جبکہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے ورکنگ گروپ کو بتایا کہ صوبائی حکومت کو الیکشن کمیشن کے جواب کا انتظار ہے کیونکہ انتخابات کی تاریخ اور شیڈول کا حتمی اعلان کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیاتی اداروں میں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھرتیاں ہورہی ہیں اور نوکریوں کی خرید و فروخت کا دروازہ بند کردیا گیاہے جس پر جماعت اسلامی کے کارکن بجا طور پر فخر کرسکتے ہیں ۔