قوم دہشتگردوں کے گمراہ کن نظریے کو مسترد کرچکی ہے یہ لوگ اپنی حیثیت کھو چکے ہیں اور تنہا ہورہے ہیں،آرمی چیف،پاک فوج ہر حالت میں قبائلی بھائیوں سے پورے خلوص کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ، جنرل راحیل شریف کی وزیرستان میں تعینات زمینی دستوں اورکیڈٹ کالج میں بات چیت

بدھ 28 مئی 2014 06:59

راولپنڈی، وانا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مئی۔2014ء)بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قوم دہشتگردوں کے گمراہ کن نظریے کو مسترد کرچکی ہے یہ لوگ اپنی حیثیت کھو چکے ہیں اور تنہا ہورہے ہیں ۔پاک فوج ہر حالت میں قبائلی بھائیوں سے پورے خلوص کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے منگل کو وزیرستان میں تعینات زمینی دستوں کا معائنہ کیا ، جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ لگن کو سراہا اور خطرناک علاقوں میں امن اور حالات زندگی کو معمول پر لانے کیلئے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

آرمی چیف نے سیاسی و اقتصادی اہمیت کے بڑے اور چھوٹے منصوبوں میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جو فوج کے زیرانتظام مکمل کئے جارہے ہیں اور ان کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار کی تعریف کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاص طور پر وسطی تجارتی راہداری کی تعمیر کا ذکر کیا جس کے ذریعے 714کلو میٹر روڈ نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے جو پاکستان کی انڈس ہائی وے اور وزیرستان ایجنسیوں کو افغان رنگ روڈ کے ذریعے ملاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے کے مقامی لوگوں کو بڑے اقتصادی فوائد ملنا شروع ہوچکے ہیں ۔ آرمی چیف نے صحت ، تعلیم ، پانی اور بجلی کے منصوبوں سمیت کمیونٹی ترقیاتی سکیموں کا بھی معائنہ کیا جو علاقے میں لوگوں کی بحالی کے پروگراموں کا حصہ ہے ۔ بعد ازاں آرمی چیف نے حال ہی میں قائم کئے گئے کیڈٹ کالج سپینکئی راغزئی کا بھی دورہ کیا اور معیاری تعلیم کے لئے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا کیڈٹس سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کی طرف سے مکمل کئے گئے ان تعلیمی منصوبوں سے نئی نسل کی تربیت میں بڑا فائدہ ہوگا اور اس پسماندہ علاقے کے نوجوان بھی آگے بڑھیں گے اور قومی دھارے میں شامل ہونگے ۔

جوانوں اور مقامی لوگوں کے عزم اور محنت کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ آج پوری قوم دہشتگردوں کے گمراہ کن نظریے کو مسترد کرچکی ہے یہ لوگ اپنی حیثیت کھو چکے ہیں اور تنہا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے اس عزم کو دوہرایا کہ پاک فوج ہر حالت میں قبائلی بھائیوں سے پورے خلوص کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :