پناہ گزینوں کو کینسر کے علاج میں مدد کی تلاش ہے ،ماہرین، تارکین وطن کی بڑی تعداد کی وجہ سے میزبان ممالک پر بہت بار آگیا ہے، 21 وی صدی میں پناہ گزین آبادی زیادہ دنوں تک رہتی ہے اور متوسط آمدنی والے ممالک اس کی زد میں ہیں جہاں کینسر جیسے پرانے امراض زیادہ ہیں،ڈاکٹر سپیگل

منگل 27 مئی 2014 08:14

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء)ماہرین نے کہا ہے کہ مختلف ممالک میں قیام پذیر پناہ گزینوں میں کینسر کے علاج کے لیے بہت زیادہ مطالبات سامنے آتے ہیں لیکن ان کا پورا کیا جانا کافی کٹھن ہے۔تاہم اب اقوام متحدہ کے ہائی کمیشنر برائے پناہ گزین کا کہنا ہے کہ تارکین وطن کو پناہ دینے والے ممالک کا کہنا ہے کہ کینسر ایک اہم مسئلہ ہے۔انھوں نے یہ بات ’لانسیٹ آنکولوجی‘ نامی جریدے میں کہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ فنڈنگ کی اختراعی سکیموں اور پناہ گزین کیمپوں میں سکریننگ کی سہولیات سے اس ضمن میں مدد مل سکتی ہے۔ڈاکٹر پال سپیگل کی سربراہی میں ایک ٹیم نے یواین ایچ سی آر کی محضوص کیئر کمیٹی (ای سی سی) کے تحت امداد کے لیے دی جانے والی درخواستوں پر غور کیا۔ای سی سی نے سنہ 2010 اور 2012 کے درمیان اردن میں مقیم پناہ گزینوں کی جانب سے علاج کے لیے دی جانے والی 1989 درخواستوں کا تجزیہ کیا۔

(جاری ہے)

ان میں سے تقریبا ایک چوتھائی (511) درخواستیں کینسر کے علاج کے لیے تھیں۔ اور ان میں بھی چھاتی اور کولوریکٹل یا قولون کینسر سب سے عام تھے۔ان میں سے نصف معاملوں کو منظور کیا گیا اور ان کے لیے تعاون دیا گیا۔ انھیں معاملات میں درخواستوں کو مسترد کیا گیا جہاں مرض میں اضافے کی خراب پیش گوئی کی گئی تھی یا پھر علاج زیادہ مہنگا تھا۔روایتی طور پر پناہ گزین آبادیوں میں وبائی امراض اور خوراک کی کمی پر توجہ مرکوز رہا کرتی تھیْ۔

کسی فرد واحد کے لیے سب سے زیادہ منظور کی جانے والی رقم 4626 امریکی ڈالر تھی جو کہ سنہ 2011 میں منظور کی گئی جبکہ سنہ 2012 میں منظور کی جانے والی خطیرترین رقم 3501 امریکی ڈالر تھی۔ڈاکٹر سپیگل نے کہا: ’مشرق وسطی کے ممالک نے پہلے عراق سے اور پھر شام سے لاکھوں پناہ گزینوں کا اپنے ملکوں میں خیر مقدم کیا۔’اس زبردست ترک وطن نے ہر سطح پر صحت کے شعبے کو متاثر کیا ہے اور اس پر غیرموزوں طور پر زبردست دباوٴ آیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا: ’بین الاقوامی تنظیموں اور مخیر حضرات سے ملنے والی امداد کے باوجود علاج کی سہولیات میں اضافے اور انفرادی لوگوں کو دواوٴں کے لیے امداد دینے کے لیے رقم ناکافی رہی ہے۔ ان اخراجات کا بار مہمان نواز ممالک پر آن پڑا ہے۔اس رپورٹ کے مصنفین نے پناہ گزین کیمپوں میں کینسر سے حفاظت کے بہتر انتظامات اور علاج کی بات کہی ہے۔ڈاکٹر سپیگل نے کہا: ’اب تک انسانی بحران کا تجربہ بنیادی طور پر افریقہ میں سہارا کے ذیلی علاقوں کے ممالک کا تھا جہاں وبائی امراض اور خوراک کی کمی ترجیحات میں شامل تھیں لیکن اب 21 وی صدی میں پناہ گزین آبادی زیادہ دنوں تک رہتی ہے اور متوسط آمدنی والے ممالک اس کی زد میں ہیں جہاں کینسر جیسے پرانے امراض زیادہ ہیں۔