تمام نجی ٹی وی چینلز کے لائسنس عارضی معطل کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر، تمام نجی چینلز عدلیہ اور فوج کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ اور شر انگیزی پھیلا رہے ہیں، درخواست میں موقف

منگل 27 مئی 2014 08:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء) کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان ( سی پی پی ) نے سپریم کورٹ میں تمام پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلز کے لائسنس عارضی طورپر معطل کرنے کی استدعا کی ہے ۔ یہ آئینی پٹیشن کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی چیئرمین انجینئر جمیل احمد ملک نے آئین پاکستان کے آرٹیکلز 9,3,2-Aاور 184(3) اور پیمرا آرڈیننس 2002ء کے تحت دائر کی ہے ۔

کمیونسٹ پارٹی نے آئینی پٹیشن میں کہا ہے کہ تمام پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلز عدلیہ اور فوج کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ اور شر انگیزی پھیلا رہے ہیں جس سے عوام میں بے چینی پھیل رہی ہے اور یہ سب کچھ ٹی وی مالکان اور اینکر پرسن دانستہ طور پر کررہے ہیں حالانکہ ٹی وی چینلز کے تمام مالکان اور اینکر پرسن کو معلوم ہے کہ آئینِ پاکستان کی آرٹیکل 19میں عدلیہ اور فوج پر تنقید کرنے کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پریس اور آزادی اظہار کی آڑمیں تمام پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلز ہرقسم کے اخلاقی حدود کو پار کر رہے ہیں۔تمام پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلز ملک کے کسی بھی قانون کو نہیں مان رہے اور اپنے آپ کو پارلیمنٹ سے بھی بالا دست تصور کر تے ہیں۔علاوہ ازیں پیمرا کا ادارہ اپنی افادیت کھو چکا ہے اور یہ ادارہ براہِ نام رہ گیا ہے۔مرکزی حکومت بھی ان پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلزکے مالکان کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے اور ایسے حالات میں سپریم کورٹ کے علاوہ کوئی موزوں ادارہ نہیں جس سے سائل کی داد رسی ہو سکے۔

ان حالات میں سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ وہ فوری طور ان تمام پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلزماسوائے پی ٹی وی کے لائسنس عارضی طورپر معطل کرنے کے احکامات صادر فرمائیں اور پھر ان میں سے صرف ان پاکستانی ٹی وی چینلزکولائسنس جاری کرنے کے احکامات صادر فرمائیں جنھوں نے ماضی میں کم سے کم غلطیاں کی ہوں اور وہ صحافتی معیار کا ادراک رکھتے ہوں۔

پاکستان میں موجودہ حالات میں جس کے پاس ناجائزدولت ہے وہ ٹی وی چینل کا مالک بنا بیٹھا ہے اور جہاں وہ عوام کو آزادی صحافت کی آڑ میں گمراہ کر رہا ہے وہاں اپنے ملازمین کا بھی استحصال کھلے عام کر رہا ہے۔تمام پرائیویٹ پاکستانی ٹی وی چینلزاور کچھ ٹی وی اینکرپرسن یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ سٹیٹ کا چوتھا ستون ہیں اور ان کی شرکت کے بغیر امورِمملکت نہیں چل سکتے ۔کمیونسٹ پارٹی نے پٹیشن میں کہا ہے کہ اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو اچھے اور اعلی صحافتی اصولوں کو سختی سے اپنانا ہو گا۔ کمیونسٹ پارٹی نے اپنی پٹیشن میں وفاقی حکومت، پیمرا،آئی ایس آئی اور پی بی اے کو فریقِ مقدمہ بنایا ہے ۔

متعلقہ عنوان :