وزارت تجارت پاک چین بارڈر پر ہفتہ کے ساتوں دن تجارت جاری رکھنے کی حامی ہے،خرم دستگیر خان

منگل 27 مئی 2014 08:10

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت پاک چین بارڈر پر ہفتہ کے ساتوں دن تجارت جاری رکھنے کی حامی ہے۔ پاک چین تجار ت میں بارڈر پر پیش آمدہ مسائل حل کرائیں گے ۔ ہفتہ اتوار کو پاک چین بارڈر کھولنے کیلئے10جون کو کونسلرز ملاقات میں تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزار ت داخلہ کو بھی خط لکھا جائے گا۔

پاکستان کی تجارت بڑھانا وزارتِ تجارت کی ترجیح ہے ، مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر گفت و شنید کیلئے تیار ہیں۔ پیر کے روز ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے وفاقی وزیر کو پاک چین بارڈر ہفتہ اتوار کو بند ہونے کی وجہ سے پیدا شدہ مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے بتایا کہ بارڈر ہفتے میں صرف پانچ دن کھلنے کی وجہ سے بارڈر پر کنٹینروں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے تمام حکومتی اداروں اور وزارتوں کو اعتماد میں لیں گے۔ تجارتی عمل کو آسان بنانے کیلئے کسٹمز کے طریقِ عمل میں سہولیات کیلئے ایف بی آرسے مذاکرات کریں گے۔

پاک چین بارڈر کی ہفتہ اتوار کو بند ش ختم کرنے کیلئے وزارت خارجہ کے ایڈوائزر کو خط لکھا گیا تھاجس کے نتیجے میں یہ مسئلہ 10جون کو ہونے والی کونسلرز میٹنگ کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔اس ملاقات سے مثبت نتائج نکلنے کی اُمید ہے۔ مزید برآں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی وزیرتجارت سے ملاقات کی ۔وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے لہذا چینی کی برآمد کی اجازت دی جائے ۔

سیکرٹری صنعت نے وزارت تجارت کو بتایا کہ رمضان میں چینی کی زیادہ کھپت کے باوجود اگلے کرشنگ سیزن تک ملک میں چینی کی ذخائر ضرورت سے زائد ہیں۔ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن وزارت تجارت کو چینی کی فی کلو پیداوار پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :