ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھ رہا ہے، احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سفر دیکھ کر گھبراگئے ہیں : میاں شہبازشریف،بعض عناصرتوانائی منصوبوں پر ہمارے تیزرفتار اقدامات اورمخلصانہ کوششوں سے پریشان ہیں، قومی وسائل عوام کی فلاح پرامانت سمجھ کر خرچ کیے جارہے ہیں ، عوام جانتے ہیں، بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورتخریبی سیاست کون؟بدترین مخالف بھی ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے،وزیراعلیٰ کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو

منگل 27 مئی 2014 08:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے مثالی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں ۔پاکستان کے 18کروڑ عوام نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر ہر صورت پورا اتریں گے اور عوام کی توقعات کو پوراکریں گے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شیخ روحیل اصغر، محمد خان ڈاہا، عاشق گوپانگ، مناظر حسین رانجھا اور محمد وحید گل شامل تھے۔

(جاری ہے)

حاجی عرفان احمد خان ڈاہا‘منشاء اللہ بٹ اور افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل عوام کی فلاح وبہبود پر امانت سمجھ کر خرچ کیے جارہے ہیں ۔

حکومت عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے جبکہ احتجاج کرنے والے بعض عناصر تخریبی اورانتشار کی بے مقصد سیاست کررہے ہیں ۔احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو دیکھ کر گھبراگئے ہیں اور توانائی کے حصول کے منصوبوں پرہمارے تیزرفتار اقدامات اورمخلصانہ کوششوں سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں پنجاب میں تین میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جارہاہے۔

فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ 150میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے بجلی کے پلانٹس لگائے جائیں گے جبکہ ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے جدید ترین پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد بھی رواں ماہ رکھا جائے گا ،اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ کا بھی افتتاح رواں ماہ کیا جارہا ہے جس سے 100میگاواٹ بجلی حاصل ہوں گی ،7ماہ کی قلیل مدت میں نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح بہترین ٹیم ورک اور شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لیے اٹھ رہا ہے ۔ہمارے بدترین مخالف بھی وفاقی اور پنجاب حکومت پرایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے۔18کروڑ عوام جانتے ہیں، بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورتخریبی سیاست کون؟۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو میٹروٹرین کے منصوبے کے معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کلچر میں انقلابی تبدیلیاں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔