شہدادکوٹ، مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم،پتھراؤ اور فائرنگ، ایس ایچ او اور ایک راہگیر جاں بحق ،10افراد زخمی

منگل 27 مئی 2014 08:07

شہدادکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مئی۔2014ء)وگن شہر میں تھانے کے سامنے احتجاج کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم،پتھراؤ اور فائرنگ کے نتیجے میں وگن تھانہ کے ایس ایچ او سمندر چانڈیو اور ایک راہگیر اللہ ڈنو پہنور جاں بحق ہوگئے جبکہ10افراد زخمی ہوگئے ۔معلوم ہوا ہے کہ ایس پی وارہ یاسین کی جانب سے ایک شخص عبدالجبار ماچھی کو گرفتار کرکے سخت تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور گرفتار شخص کو وگن تھانہ میں لاک اپ کردیا تھا۔

(جاری ہے)

گرفتار شخص کے ورثاء اور دیہاتیوں کی جانب سے اطلاع ملنے پر وگن تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا کہ پولیس اور مشتعل مظاہرین میں کشیدگی بڑھنے کے باعث پتھراؤ اور فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سمندر چانڈیو سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے اس دوران10افراد زخمی بھی ہوئے۔زخمیوں میں صدام راہوجو،محمد رمضان خاصخیلی،محمد صالح اور دیگر شامل ہیں زخمیوں کو قمبر اور لاڑکانہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہر بند ہوگیا جبکہ کشیدگی پر قابو پانے کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :