بہتر پالیسیوں کے باعث سفارت کاری کے ذریعے ڈرون حملے بند کرائے اور اب خود کش حملے بھی کم ہو رہے ہیں،معیشت بھی بہتری کی طرف گامزن ہے،سعد رفیق،عمران خان پنجاب میں آ کر فساد ڈالنے کی بجائے خیبر پختونخواہ میں اپنی جماعت کو سمیٹیں،لاہور میں میٹروبس کے ساتھ بہت جلد ٹرین بھی چلے گی، ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 26 مئی 2014 07:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مئی۔2014ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی بہتر پالیسیوں کے باعث سفارت کاری کے ذریعے ڈرون حملے بند کرائے اور اب خود کش بھی کم ہو رہے ہیں ۔معیشت بھی بہتری کی طرف گامزن ہے۔ اتوار کے روزیہاں خواجہ سعد رفیق نے مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے نظام میں بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں اور لاہور میں میٹروبس کے ساتھ بہت جلد ٹرین بھی چلے گی ۔

کراچی اور لاہور موٹروے پر بہت جلد کام شروع ہونے والا ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کی کامیاب پالیسیاں تبدیلیاں لارہی ہیں اور ملک معیشت ترقی کی راہ پر چل پڑی ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے جو قوم سے وعدے کر کے ووٹ حاصل کئے وہ امن وعدوں کو پورا کریں اور خیبر پختونخواہ میں تبدیلی لائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ راولپنڈی کا ایک شیخ چلی ہے جو کہ بالکل فارغ ہے اور آئے روز نئے نئے لطیفے میڈیا میں چھوڑ دیتا ہے اور اس پر عذاب رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام انتشار پھیلانے والوں کی باتوں میں نہ آئیں ۔نتیجہ عوام کے سامنے ہے۔ تحریک انصاف نے جب سے خیبر پختونخواہ میں حکومت سنبھالی ہے اس دن سے خیبر پختونخواہ صحت اور تعلیم کا معیار پہلے سے بھی مزید گر گیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف خطے میں سب سے سینئر سیاستدان ہیں اور عمران خان کو اس وقت سیاسی تربیت کی ضرورت ہے اور ہم عمران خان کو سیاسی تربیت دینے کے لئے تیار ہیں کیونکہ ملک اس وقت کھلاڑیوں کی نہیں ۔

سنجیدہ سیاستدانوں کی ضرورت ہے جو کہ ملک ان کے حالات کے مطابق چلائے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب میں آ کر فساد ڈالنے کی بجائے خیبر پختونخواہ میں اپنی جماعت کو سمیٹیں اور عوام کی خدمت کریں لیکن عمران خان ووٹ لیکر عوام کی خدمت کی بجائے لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت جانے کا بالکل درست فیصلہ کیا ہے اور ہم بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں اور بھارت کے ساتھ کشمیر پانی اور سرکریک سمیت دیگر امور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ کسی ملک میں مداخلت کریں گے اور نہ ہی کوئی ہمارے ملک میں مداخلت کرے۔