نواز شریف مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں تاہم کشمیر ‘ سیاچن ‘ پانی جیسے دیرینہ مسائل کے علاوہ جامع مذاکرات کی بحالی کی بات کریں، تحریک انصاف ،مسلم لیگ ن نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے تحت استصواب رائے کروانے کے حوالے سے جو وعدے الیکشن میں کئے تھے وہ بھی بھارت میں جاکر اجاگر کرنے ہوں گے،شاہ محمود قریشی

اتوار 25 مئی 2014 08:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بھارت کے نو منتخب وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں تاہم کشمیر ‘ سیاچن ‘ پانی جیسے دیرینہ مسائل کے علاوہ جامع مذاکرات کی بحالی کی بات کریں۔ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے تحت استصواب رائے کروانے کے حوالے سے جو وعدے الیکشن میں کئے تھے وہ بھی بھارت میں جاکر اجاگر کرنے ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے یہ دیکھنا ہوگا کہ خطے میں قیام امن کے ساتھ ساتھ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل پر کیا موقف اختیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف حلف برداری کی تقریب میں جا رہے ہیں اور پھر انہیں کمپوزٹ ڈائیلاگ کی بحالی کیلئے بھی کوششیں کرنی ہوں گی۔

(جاری ہے)

کشمیر ‘ سیاچن اور پانی کے دیرینہ تنازعات پر بھی ایک روڈ میپ طے کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان بہر حال پہل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیرینہ الجھے ہوئے معاملات کو بھی حل کرنا ہوگا۔ خطے میں پاکستان کو عزت کے ساتھ جیو اور جینے دو کی پالیسی پر چلتے ہوئے بھارت کو بھی اس پر کاربند کرانا ہوگا انہوں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم کی شرکت کے بعد اس کے اثرات کی مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس توقع کا اظہار کرنا چاہیے کہ اس تقریب میں شرکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جاری تناؤ کشیدگی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے مثبت پیش رفت ہوگی۔