منصوبہ بندی کمیشن نے 6 بڑے منصوبوں کیلیے74 ارب روپے جاری کر دیے ،کراچی، لاہور موٹر وے کی تعمیر، دیامر بھاشا ڈیم کیلئے زمینوں کا حصول، وفاقی دارلحکومت میں میٹرو بس سروسز کے قیام، نیلم جہلم پاور پراجیکٹ ،گوادر فری زون،اسلام آباد مری مظفر آبادریلوے ٹریک منصوبے شامل ہیں،ذرائع

اتوار 25 مئی 2014 08:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25مئی۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے منظوری سے منصو بہ بندی کمیشن نے ملک میں جاری 06 بڑے منصوبوں کے لئے منصوبہ بندی کمیشن نے 74 ارب روپے کی خطیررقوم جاری کر دیں ہیں۔ منصوبہ بندی کمیشن کے قریبی ذرائع کے مطابق رقوم کے اجراء کا مقصدسٹریٹیجک اہمیت کے حامل ان منصوبوں پر جاری کام کی رفتار کو مزید تیزرفتار بنایا جا سکے، منصوبہ بندی کمیشن نے ان منصوبوں کہ جن میں کراچی اور لاہور کے درمیان موٹر وے کی تعمیر کے لئے زمینوں کے حصول، وفاقی دارلحکومت میں میٹرو بس سروسز کے قیام، نیلم جہلم پاور منصوبہ، دیامر بھاشا ڈیم کے لئے زمینوں کے حصول کا منصوبہ،گوادر کو فری زون بنانے کا منصوبہ،اسلام آباد - مری- مظفر آبادریلوے ٹریک بچھانے کا منصوبہ شامل ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق منصوبہ بندی کمیشن نے کراچی اور لاہور کے درمیان موٹر وے کی تعمیر کے لئے زمینوں کا حصول یقینی بنانے کے لئے 25.5 ارب روپے، وفاقی دارلحکومت میں میٹرو بس سروسز کے حوالے سے جاری منصوبہ کے لئے 16 ارب روپے، نیلم جہلم پاور منصوبہ کے لئے14 ارب روپے،دیامر بھاشا ڈیم کے لئے زمینوں کے حصول کے واسطے10.5 ارب روپے،گوادر کو فری زون بنانے کے حوالے سے جاری منصوبہ کے لئے 06 ارب روپے اور اسلام آباد کو مری کے راستے آزاد جموں و کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد سے منسلک کرنے کے لئے شروع کئے جانے والے ریلوے ٹریک بچھانے کے منصوبہ کے لئے 02 ارب روپے کی خطیر رقوم جاری کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ برائے 2014-15 ء میں بھی ان منصوبوں کو مالی مسائل سے بچانے اور ان کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے رقوم مختص کی جا ئیں ۔