نریندر مودی پاکستان نہیں بلکہ انڈیاکیلئے خطرہ ہے، اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے ہم متحد ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہو گا،مذہبی و سیاسی قائدین و علماء کرام ،امریکہ، بھارت یا اسرائیل نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ان کے ہاتھ توڑ دیئے جائیں گے،بی جے پی کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت میں نئے پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ،نواز شریف انڈیا سے امن کی آشاکے تحت پینگیں نہ بڑھائیں ،کشمیری مسلمانوں اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کریں، جماعةالدعوة کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 24 مئی 2014 08:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء)مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور جید علماء کرام نے جماعةالدعوة کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت یا اسرائیل نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ان کے ہاتھ توڑ دیئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف نریندر مودی کی حلف بردار ی تقریب میں شرکت کا فیصلہ قومی مفادات کو مدنظر رکھ کر کریں۔

وہ بھارت گئے تو مظلوم کشمیریوں اور پاکستان میں موجودلاکھوں شہداء کے ورثاء کو کیاجواب دیں گے؟ بھارت لسانیت اور علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھا کر مشرقی پاکستان کی تاریخ دہرانے کی کوششیں کر رہا ہے۔پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام انڈیا کے لئے ”ایٹم بم “ ہیں ۔ حکمرانوں کو آج بھی ایٹمی دھماکوں والے حوصلے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی پاکستان سے زیادہ بھارت کیلئے خطرہ ہے۔

بی جے پی کی پالیسیوں سے بھارت کے 25کروڑ مسلمان متحد و بیدارہور ہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہفتہ تکبیر مہم کے دوران چوبرجی چوک میں ہونے والے جلسہ عام سے امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ، پیر ہارون گیلانی ،حافظ عبدالغفار روپڑی ،قاری محمد یعقوب شیخ ،عبداللطیف سرا ایڈووکیٹ،محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خاں کے ٹیم ممبرڈاکٹر محمد اقبال واہلہ،پیر اشرف رسول،ملک احمد اعوان،مولانا محمد یوسف احرار ، انجینئر محمد حارث،عبدالکریم خان آسی ، مولانا ابوالہاشم ،عقیل چوہدری ایڈوکیٹ ،عتیق چوہان ، چوہدری محمد علی، ڈاکٹر ناصر ہمدانی،طاہر نوید، محمد ندیم چغتائی، میاں خوشی محمد کھوکھر، میاں مصطفیٰ،مولانا ادریس فاروقی و دیگر نے خطاب کیا ۔

چوبرجی چوک ہونے والے جلسہ عام میں طلباء، وکلاء، تاجروں ،سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء میں زبردست جو ش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔ مقررین کے خطابات کے دوران ڈاکٹر عبدالقدیر خاں اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔جماعةالدعوة کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

ہزاروں شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد پنڈال میں جانے کی اجازت دی گئی۔ہفتہ تکبیر مہم کے حوالہ سے جماعةالدعوة کا یہ پہلا بڑا پروگرام تھا۔ 25مئی کو کراچی، 27کو ملتان اور 28مئی کو فیض آباد اسلام آبادمیں بڑے تکبیر کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ انڈیا نے نہتے کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے۔

بلوچستان، سندھ اور خیبر پی کے میں علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھائیں اور افغانستان میں ٹریننگ سنٹر قائم کر کے ملک کو میدان جنگ بنایا گیا۔آپ اگر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے بھارت جاتے ہیں تو لوک سبھا الیکشن کا تاریخی بائیکاٹ کرنے والے کشمیری مسلمانوں اور پاکستان میں موجود لاکھوں شہداء کے ورثاء کو کیا جواب دیں گے؟ایسا کرنے سے مظلوم کشمیریوں اور بھارت کے 25کروڑ مسلمانوں کا اعتماد مجروح ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے سے انڈیا کے سیکولرازم کو پول کھل گیا ہے۔بی جے پی لیڈرمودی نے حیدرآباد دکن کے مسلمانوں کو پاکستان چلے جانے کو کہاتو مسلم لیڈر اکبرالدین اویسی نے جواب دیا کہ ہم پاکستان گئے تو اکیلے نہیں حیدرآباد دکن اور آگرہ ساتھ لیکر جائیں گے۔ انڈیا میں بیٹھ کر انہوں نے تاریخی جواب دیا۔ اگر نواز شریف بھارت جاتے ہیں تو وہ ان مسلمانوں کو کیا منہ دکھائیں گے؟۔

ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ نواز شریف بھارت جانا چاہتے ہیں تو نریندر مودی سے واضح طور پر کہیں کہ وہ اس اس بات کا و عدہ کرے کہ انڈیا کشمیر کا مسئلہ حل کرے گا۔ آپ کشمیر کی بات کریں گے تو ساری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ ہاتھ ملانے سے قبل پاکستانی فوج اور قوم کے دلوں پر ہاتھ رکھیں۔آپ ایٹمی دھماکے کرنے والے وزیر اعظم ہیں۔

انڈیا سے اب تک کے جرائم کا حساب لینا آپ کی ذمہ داری ہے۔پرویزمشرف نے اکیلے امریکہ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ آج تک ہم اس کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ موجودہ حکمران ماضی کی غلطیوں سے عبرت حاصل کریں۔ سوچ سمجھ کر مشاورت سے ملکی مفادکو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔اس ملک میں لاکھوں شہداء کی مائیں موجود ہیں۔ ان کے جذبات کا خیال رکھاجائے۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان نہیں بلکہ انڈیاکیلئے خطرہ ہے۔

حیدرآباد دکن اور آگرہ کے مسلمانوں کا اب تک قتل عام پاکستان بنانے کی تحریک میں حصہ لینے کے جرم میں کیاجارہا ہے۔ بی جے پی اور مودی کی حرکتوں سے بھارتی مسلمان متحد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی وجہ سے بھارت پاکستان کی جانب میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔ اندرا گاندھی نے 17دسمبر 1971ء کو لوک سبھا میں کہا تھاکہ ہم نے نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبو دیا ہے۔

یہ پورے پاکستان کیلئے پیغام تھا کہ وہ مغربی پاکستان میں بھی یہی کھیل کھیلنا چاہتا ہے۔ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹم بم بنانے کا آغاز کرتے وقت کہا تھاکہ ہم گھاس کھالیں گے مگر ایٹم بم ضرور بنائیں گے ۔ اسی طرح انہوں نے کشمیر کی آزادی کیلئے ہزار سال تک جنگ لڑنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ ہم پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت سے سوال کرتے ہیں کہ کیا آج آپ اپنے قائد کی پالیسی پر چل رہے ہیں یا ان سے بے وفائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ضیاء الحق نے ا س پروگرام کو آگے بڑھایااور ایٹم بم و میزائل ٹیکنالوجی کے حصول کی کوششیں جاری رکھیں۔بعد ازاں جب بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے اور کانگریس و بی جے پی سمیت تمام بھارتی تنظیموں نے پاکستان کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا شرو ع کیں۔ یہ وہ وقت تھاکہ جب نواز شریف پر امریکی صدر کلنٹن اور دیگر یورپی ممالک نے دباؤ بڑھایا، لالچ دیے اور دھمکیاں د ی گئیں لیکن اللہ کی توفیق سے نواز شریف حکومت نے ایٹمی دھماکے کر دیے۔

یہ زبردست اور جرأتمندانہ فیصلہ تھا۔ مگر آج قوم ان سے بھی سوال کرتی ہے کہ کیا انہوں نے اپنی پالیسی تبدیل کر لی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ اس کے برسراقتدار آنے میں ایٹمی دھماکوں کا بہت بڑا کردار ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصانات سے دوچار کرنے کی خوفناک منصوبہ بندیاں کر رہے ہیں۔

روس کے ٹکڑوں میں تقسیم ہونے پر اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایٹمی قوت سے نوازا‘ افغانستان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی شکست سے ان شاء اللہ کشمیر آزاد ہو گا۔ بھارت میں بسنے والے تیس کروڑ مسلمان دوقومی نظریہ کی بنیاد پر متحد ہوں گے، پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی پاکستان بنے گا اور پورے عالم اسلام کی قیادت کرے گا۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے چپے چپے کا دفاع کرنا جہاد فی سبیل اللہ اور پاکستان کے ہر فرد کا فریضہ ہے ۔

پاکستان اللہ کے فضل وکرم سے ایٹمی قوت ہے اور اسی صلاحیت کی بنیاد پر دشمن قوتیں براہ راست حملہ کرنے کی بجائے اسے نظریاتی بنیادوں پر اندرونی وحدت کو انتشار میں تبدیل کر کے اسکے وجود کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ۔امریکہ و یورپ کو بھارت و اسرائیل کے ایٹم بم سے نہیں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت سے پریشانی ہے۔ وہ پاکستان کے عوام کو آپس میں لڑا کر اور اسے نظریاتی بنیادوں پر کمزور کر کے اسکے وجود کو غیر مستخکم کرنا چاہتے ہیں ۔

ملک میں دفاع پاکستان کے لئے اتحاد ویکجہتی بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اللہ کے دین کو غالب اور قر آن و سنت کی حکمرانی ہونی چاہئے ۔وطن عزیز کے آئین میں قرآن و سنت کی بالا دستی تسلیم کی گئی ہے۔ملک کی نظریاتی سرحدیں محفوظ ہونی چاہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کی حکومت آئی ہے جس کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں ۔

وہاں جو مرضی حکمران آئیں انکی پالیسی ایک ہوتی ہے ۔اکھنڈ بھارت اور کشمیریوں پر مظالم انکے ایجنڈے میں شامل ہے ۔نواز شریف نے منموہن کو دعوت دی لیکن منت سماجت کے باوجود وہ نہیں آیا ۔ اب انہوں نے مودی کو مبارکباد اور پاکستان آنے کی دعوت دی لیکن انکی دعوت کی بجائے وہ انہیں طلب کر رہے ہیں کہ انکی حلف بردار ی میں شرکت کریں ۔ہندو برہمن کسی کا دوست نہیں ہے ۔

حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر کی مسلمہ پالیسی بحال کریں اور ملک میں اتحاد ویکجہتی کا راستہ اپنائیں ۔قوم آزادی کشمیر کے لئے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں ۔تحریک اولیائے پاکستان کے صدر پیر ہارون گیلانی نے کہاکہ بھارت پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور حکمران اسی بھارت سے دوستی پروان چڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔

قوم سوال کرتی ہے کہ کیا انکی غیرت وحمیت بحیرہ احمر میں ڈوب چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آل رسولﷺ اور اہل بیت  کی گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مسلمان نہیں ۔کشمیر ،عراق اور افغانستان میں ظلم وستم ڈھانے والے دہشت گرد ہیں ۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر محمد اقبال واہلہ نے کہا کہ اللہ نے مجھے ایٹم بنانے والی ٹیم کا حصہ بننے کا موقع دیا جو میرے لئے قابل فخر اور اعزاز کی بات ہے ۔

میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پروفیسر حافظ محمد سعید کو کامیاب کرے۔دفاع پاکستان کیلئے ہر کسی کوبڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے۔ تحریک حرمت رسولﷺ کے جنرل سیکرٹری قاری یعقوب شیخ نے کہا کہ آج پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے غیر محفوظ ہونے کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے لیکن دنیائے کفر سن لے ہمارا ایٹم بم بنانے والے ہاتھ بھی مضبوط ہیں اور اسکا تحفظ کرنے والے بھی مضبوط ہیں ۔

پاکستان کا بچہ بچہ استحکام پاکستان کے لئے بیدار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے بھارت و اسرائیل خوفزدہ ہیں ۔پاکستان کا ایٹم سارے عالم اسلام کا ہے ۔پاکستان محافظ وطن پارٹی کے سربراہ ملک احمد اعوان نے کہا کہ حکمران اغیار کے آگے ہاتھ پھیلانا چھوڑ دیں۔سود ختم کریں اور ملک میں اسلامی قوانین نافذ کیے جائیں۔کالا باغ ڈیم تعمیر کیا جائے۔

سابق سیکرٹری لاہور بار کونسل عبداللطیف سرا ء ایڈووکیٹ نے کہا کہ نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے سے ہندوستان کے چہرے سے سیکولر ازم کا نقاب اتر گیا ہے،وہ ہزاروں مسلمانوں کا قاتل ہے،بی جے پی کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت میں نئے پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔نواز شریف انڈیا سے امن کی آشاکے تحت پینگیں نہ بڑھائیں ۔کشمیری مسلمانوں اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کریں ۔

وکلاء قومی وقار کا سودا کر کے بھارت سے یکطرفہ دوستی و تجارت کی اجازت نہیں دیں گے۔مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول نے کہا کہ کئی ملکوں نے ایٹمی دھماکے کئے لیکن پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ہونا اس لئے اہم ہے کیونکہ پاکستان کا ایٹم عالم اسلام کا ایٹم بم ہے ۔ذوالفقار علی بھٹو نے اس کام کا آغاز کیا تھا ۔ایٹم بم اللہ تعالیٰ کا پاکستان پر انعام ہے انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دفاع کیلئے ہم متحد ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جماعة الدعوة کے کارکنا ن ایف سولہ طیاروں سے بھی زیادہ سپیڈ میں قدرتی آفات و ہنگامی حالات میں امدادی کاموں کے لئے پہنچتے ہیں جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالکریم خان آسی نے کہا کہ یوم تکبیر صرف اس ملک،جنوبی ایشا میں نہیں بلکہ عالم اسلام میں عیدین کی طرح منایا جاتا ہے کیونکہ 28مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے نواز شریف نے یہ ثابت کر دیا کہ ہم ایک بہادر قوم ہیں اور ہمارے پاس ایمان و جذبہ کی طاقت ہے۔

انڈیا ،امریکہ و اسرائیل کی ایجنسیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔پاکستانی عوام ہر وقت جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ۔امیر جماعة الدعوة لاہور مولانا ابوالہاشم نے کہا کہ پاکستان میں ایٹمی میزائل بن رہے ہیں افواج پاکستان میں بھرتی جاری ہے اسکے مقابلہ میں امریکہ میں افواج میں بھرتیاں بھی نہیں ہو رہیں اور بجٹ بھی انتہائی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا میں مودی حکومت بنا رہا ہے جس کے خلاف مسلمانوں کے خون کے مقدمات ہیں۔

مودی نے انتخابی مہم میں جو دعوے کئے تھے ہم انکے پورا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ مودی کتنے پانی میں ہے۔لاہور ہائیکورٹ بار کے رہنما عقیل چوہدری ایڈوکیٹ نے کہا کہ انڈیا کو توڑنے میں مودی مدد گار ثابت ہو رہا ہے ۔خیبر پختونخواہ کے رہنما عتیق چوہان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے لوگ ایک اشارے پر اپنا تن من دھن قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

وزیر اعظم انڈیا سے تجارت و دوستی کرنے سے قبل قوم کے جذبات کو سمجھیں ۔استحکام پاکستان کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹیری چوہدری محمد علی،جماعة الدعوة شعبہ ڈاکٹر کے ناظم ڈاکٹر ناصر ہمدانی،المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے ناظم انجینئر محمد حارث،انجمن تاجران لاہور کے جنرل سیکرٹری طاہر نوید،آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم چغتائی،واپڈا یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری میاں خوشی محمد کھوکھر،آل پاکستان کلرکس ایسوسی کے صدر میاں مصطفیٰ،جماعة الدعوة کے رہنما مولانا ادریس فاروقی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”موذی“ یاد رکھے کہ پاکستان اب1971والا نہیں یہ2014والا ایٹمی پاکستان ہے ۔

پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔