پاکستان خطے میں عدم مداخلت ، ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا حامی ہے ، خواجہ محمد آصف ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے باوجود پاکستان امن کیلئے پرعزم ہے،خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام ملکوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے، کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 24 مئی 2014 08:06

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں عدم مداخلت اور ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا حامی ہے ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے باوجود پاکستان امن کیلئے پرعزم ہے ،خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تمام ملکوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی سلامتی کے بارے میں تیسری ماسکو کانفرنس میں شرکت کے لئے روس کے وزیر دفاع کی دعوت پر روس کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان عدم مداخلت اور ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات پر یقین رکھتا ہے اور افغانستان میں پرامن انتخابات کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے لیکن اس کے باوجود ہم امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں اپنے کردار کی اہمیت سے واقف ہے اور خطے میں امن کے لئے مسلسل کوششیں کررہا ہے انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے رائے کے مسلسل تبادلے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے رابطے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس سکیورٹی کے موجودہ حالات میں مثبت اور قابل عمل لائحہ عمل مرتب دینے میں اہم ثابت ہوگی ۔