پنجاب پولیس نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وزراء سے لنگر کیلئے رشوت طلب کی ،عمران خان کا الزام

ہفتہ 24 مئی 2014 08:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب کے انتظامی معاملات پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پنجاب پولیس نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وزراء سے لنگر کیلئے رشوت طلب کی ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اور صوبائی وزراء اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کوئی پولیس اہلکار نہیں اور وہ بغیر کسی پروٹوکول کے سفر کرتے ہیں جبکہ پنجاب میں ایک لاکھ 70 ہزار پولیس اہلکاروں میں سے 78 ہزار وی آئی پیز کے پروٹوکول پر تعینات ہیں عمران خان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اور صوبائی وزراء پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد لاہور سے اسلام آباد آرہے تھے کہ پنجاب پولیس نے راستے میں انہیں روکا وزیر اعلیٰ اور وزراء نے پولیس کو اپنی شناخت کاروائی تو اہلکارون نے ان کی بات ماننے سے انکار کردیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ بغیر کسی پروٹوکول کے کیسے سفر کرتا ہے ان اہلکاروں نے شناخت ماننے سے انکار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور وزراء سے اپنے لنگر کیلئے رشوت طلب کی۔