رینٹل پاور کیس ضمنی ریفرنس، احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت تمام افراد کو فرد جرم کیلئے 30مئی طلب کو کرلیا ،نوڈھیرو پاورپراجیکٹ کا ریکارڈ مکمل نہ ہونے پر عدالت نے پیش ہونے والے دو گواہان پر جرح نہ ہوسکی، مقدمہ کی سماعت چار جون تک ملتوی ، نیب کو ریکارڈ مکمل کرکے پیش کرنے کی ہدایت

ہفتہ 24 مئی 2014 08:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء) رینٹل پاور کیس کے ضمنی ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام افراد پرفرد جرم عائد کرنے کیلئے 30مئی کو عدالت میں طلب کرلیا ہے جبکہ نوڈھیرو پاورپراجیکٹ کا ریکارڈ مکمل نہ ہونے پر عدالت نے پیش ہونے والے دو گواہان پر جرح نہ ہوسکی جس کے باعث عدالت نے مقدمہ کی سماعت چار جون تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مذکورہ ریفرنس میں ریکارڈ مکمل کرکے پیش ہوں ۔

جمعہ کے روز پیراں غائب اور سہوواں رینٹل پاور پراجیکٹ کے ضمنی ریفرنس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب کی خصوصی عدالت میں ہوئی جہاں عدالت کے جج محمد بشیر نے مذکورہ ریفرنس کی سماعت کی ۔ اس موقع پر فریقین کے وکلاء کے علاوہ سابق ممبر واپڈا عبدالقدیر چوہدری بھی عدالت میں پیش ہوئے اور دیگرملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا تاہم سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سکیورٹی خدشات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس موقع پر عدالت نے پیراں غائب اور سہوواں رینٹل پاور پراجیکٹ کیس کے چالان اور دیگر دستاویزات کی کاپیاں عدالت میں پیش ہونے والے ملزمان میں تقسیم کرنے کی ہدایت جاری کی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے مذکورہ ریفرنس میں مرکزی ملزم و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف و ریفرنس کے دیگر ملزمان کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیس مئی کو عدالت میں طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی ہے ہے دوسری جانب احتساب عدالت نے نوڈھیرو پاور پراجیکٹ ریفرنس کا ریکارڈ مکمل نہ ہونے پر مذکورہ ریفرنس کی سماعت چار جون تک ملتوی کی ہے اور نیب کو ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ سماعت پرنیب حکام مکمل ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں اس موقع پر مذکورہ ریفرنس میں جرح کیلئے عدالت میں پیش کئے جانے والے دو گواہان پر بھی مقدمے کا ریکارڈ مکمل نہ ہونے کے باعث فریقین کے وکلاء نے جرح نہیں کی جو آئندہ سماعت پر دوبارہ عدالت میں پیش ہونگے