وزارت خارجہ کا وزیراعظم کو نریندر امودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے مشورہ،تقریب حلف برداری جانا خطے میں بھارت کی بالادستی کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے، سمری ارسال ،مودی کی حلف برداری،کنفرم نہیں پاکستان سے کون شریک ہوگا،بھارتی ہائی کمشنر،حلف برداری میں وزیراعظم کی شرکت سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا، سرتاج عزیز

ہفتہ 24 مئی 2014 08:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء ) وزارت خارجہ نے وزیراعظم ہاوٴس کو نریندرمودی کی وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف کو بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے متعلق سمری بھیجی گئی ہے جس میں وزیراعظم کو تقریب میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تقریب میں شرکت سے معذرت کر لیں.

ایڈوائس سمری میں وزیراعظم نوازشریف کے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں جانے کو خطے میں بھارت کی بالادستی کو تسلیم کرنے کے مترادف قرار دے کر کہا گیا ہے پاکستان اس طرح کے اقدام سے گریز کرے، سمری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو صرف جامع مذاکرات اور سربراہی ملاقات کے لیے بھارت جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف کی نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے متعلق سفارتی اور اعلیٰ سطح کی مشاورت بھی جاری ہے اور سفارتی حلقے بھی وزیراعظم نوازشریف کو تقریب حلف برداری میں نہ جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ادھر بھارتی ہائی کمشنرٹی سی ایراگھون نے کہا ہے کہ نو منتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں ابھی یہ کنفرم نہیں کہ پاکستان سے کون شریک ہوگا، میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام اس سلسلے میں مشاورت کر رہے ہیں ابھی تک یہ نہیں کہا جا سکتا کہ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف خود شرکت کریں گے یا ان کا کوئی نمائندہ شامل ہوگا ، ٹی سی ایراگھون نے کہا کہ 26مئی کو ہونے والی اس تقریب میں سارک ممالک کے تقریباً تمام سربراہان تقریب حلف براداری میں شریک ہو رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ابھی تک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

دفتر خارجہ میں افریقا ڈے کے حوالے سے ہونیوالی تقریب میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعظم کو ملنے والی دعوت پر غور کررہے ہیں تاہم ابھی اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، وزیراعظم کو اس دورے کے منفی اور مثبت پہلووٴں سے آگاہ کردیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا خواہشمند ہے۔تقریب میں شریک بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کے ملک کو ابھی تک حلف برداری تقریب کے بارے میں پاکستان کے جواب کا انتظار ہے، تمام سارک ممالک کے سربراہان تقریب میں شریک ہونگے تاہم بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کے دورہ جاپان کے باعث وہاں کے اسپیکر قومی اسمبلی نمائندگی کریں گے۔