اسلام آباد میں ایک گھنٹے میں 2 دھماکے، 1شخص ہلاک، 1زخمی

ہفتہ 24 مئی 2014 08:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مئی۔2014ء)اسلام آباد میں ایک گھنٹے کے دوران 2 دھماکے ہوئے، پہلا دھماکا سیکٹر ایف 6 کی سپرماکیٹ کی پارکنگ میں ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا،، جبکہ دوسرا دھماکا جی 9مرکز کراچی کمپنی میں ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

تھانہ کوہسار پولیس کے مطابق سیکٹر ایف 6 سپرمارکیٹ کی پارکنگ میں میڈیکل اسٹور کے سامنے رات دو بجے کے قریب دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی،پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا.

اسپتال ذرائع کے مطابق ایک زخمی کو پولی کلینک اور دوسرے کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، پمز اسپتال میں داخل شخص زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا جس کی تاحال شناخت نہ ہوسکی جبکہ پولی کلینک میں داخل زخمی کی شناخت گلزار کے نام سے ہوئی ہے جو سپر مارکیٹ کا چوکیدار تھا۔

اسلام آباد میں دوسرا دھماکا کراچی کمپنی میں شوروم کے سامنے کھڑی کار میں ہوا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تاہم کار تباہ ہوگئی۔پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد کار کے نیچے رکھا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :