پیمرا کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے خودمختار مشینری ناگزیر ہے جو حکومت کے کنٹرول میں نہ ہو،پرویزرشید ،میڈیا خود ضابطہ اخلاق پر عمل کرے،اسے اپنا احتساب خود کرنا ہوگا،کچھ متعلقہ لوگوں سے ملاقات کیلئے سب کے سامنے دبئی گیا تھا یہ کوئی خفیہ دورہ نہیں تھا، سرکاری ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال

جمعہ 23 مئی 2014 07:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پیمرا کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے خودمختار مشینری ناگزیر ہے جو حکومت کے کنٹرول میں نہ ہو،میڈیا خود ضابطہ اخلاق پر عمل کرے،اسے اپنا احتساب خود کرنا ہوگا،کچھ متعلقہ لوگوں سے ملاقات کیلئے سب کے سامنے دبئی گیا تھا یہ کوئی خفیہ دورہ نہیں تھا۔

جمعرات کو سرکاری ٹی وی کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ملک کے اندر اخباری تنظیموں اور اہم اداروں کے مالکان سے ملاقاتیں کی تھیں جن میں میاں عامر،مجیب الرحمان شامی وغیرہ شامل تھے،اس کے بعد ایک بڑے میڈیا گروپ کے باہر بیٹھے ہوئے مالکان کی بات سننا بھی ضروری تھا،اس لئے سب کے سامنے جہاز میں بیٹھ کر میں دبئی گیا،ہوائی اڈوں پر بھی ہزاروں لوگ موجود تھے جنہوں نے مجھے دیکھا،یہ کوئی خفیہ دورہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں خامیاں دور کرکے افہام وتفہیم سے آگے بڑھنا ہوگا،آج میڈیا اپنے فرائض منصبی بھول چکا ہے اور وہ انتشار کا شکار اور باہم دست وگریبان ہے،میڈیا کی یہ تقسیم خود ان کیلئے نقصان دہ ہے،میڈیا کو اپنا احتساب خود کرنا ہوگا اور ضابطہ اخلاق پر عمل کیلئے ایک ایسا طریقہ کار بنانا ہوگا جو ہر قسم کے اثر سے پاک ہو،اگر میڈیا مثبت کردار ادا کرے تو ملک ترقی کرسکتا ہے،ہمیں صبر وتحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہوگا،موجودہ صورتحال میں عوام میڈیا سے بیزار ہوچکے ہیں اور وہ کوئی مثبت کردار ادا نہیں کررہا،ریاست کے چاروں ستون ملکر کام کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :