پاکستان اور چین کا تجارتی راہداری کے منصوبوں کی جلد تکمیل پر اتفاق، بڑا منصوبہ پورے خطے کو ایک فعال تجارتی ، توانائی اور اقتصادی راہداری بنا دے گا؛صدر ممنون حسین ، پاکستان اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تذویراتی شراکت داری سے خطے میں سماجی واقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا؛ چوتھے سیکاسربراہ اجلاس کے موقع پر چینی ہم منصب ژی جن پنگ سے ملاقات میں گفتگو،صدر کی چینی ہم منصب کو دورہ پاکستا ن کی دعوت

جمعہ 23 مئی 2014 07:45

شنگھائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23مئی۔2014ء)پاکستان اور چین نے تجارتی راہداری کے منصوبوں کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا ہے،جبکہ صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ یہ بڑا منصوبہ پورے خطے کو ایک فعال تجارتی ، توانائی اور اقتصادی راہداری بنا دے گا۔جمعرات کی صبح شنگھائی میں چوتھے سیکا سربراہ اجلاس کے موقع پر چینی ہم منصب ژی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کے دوران علاقائی ،عالمی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان چین کے درمیان معیشت اور تجارت پر خصوصی توجہ کے حوالے سے پاکستان اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تذویراتی شراکت داری سے خطے میں سماجی واقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کے ساتھ دوستی کو مزید مضبوط بنانا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کابڑا منصوبہ پورے خطے کو ایک فعال تجارتی ، توانائی اور اقتصادی راہداری بنا دے گا۔

ممنون حسین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر ژی جن پنگ کی ولولہ انگیز قیادت میں سیکا فورم مزید مضبوط ہو گا۔انہوں نے اس سلسلے میں ان کے اقدامات کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ چار مہینوں میں ان کا چوتھا دورہ او روزیراعظم نوازشریف کا گزشتہ ماہ اپریل میں دورہ پاکستان کیلئے چین سے تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے جسے پاکستان سربراہ سطح کے رابطوں کے ذریعے مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے توانائی،تجارت،سرمایہ کاری،بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی رابطوں کے شعبوں سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔دونوں سربراہانِ مملکت نے پاک چین اقتصادی راہداری کی جلد تکمیل کیلئے جاری کام کی رفتار پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور اس پر جاری کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جانا چاہیئے ۔

اس بڑے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور چین سمیت خطے کیلئے معاشی اور اقتصادی خوشحالی کا نیا دور کا آغاز ہو گا ۔ صدر ممنون حسین نے چینی صدرژی جن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان کے عوام اس سال ان کے پہلے دورے کے انتہائی منتظر ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،وزیر اعظم کے مشیر خارجہ امور طارق فاطمی،سیکرٹری خارجہ اعزاد چوہدری اور چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد بھی ملاقات میں موجود تھے۔