جون اور جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید کم ہوجائے گی،رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں تین تین گھنٹے لوڈشیڈنگ نہ ہوگی،پانی و بجلی کمیٹی کو حکام کی بریفنگ،کمیٹی کی خیبرپختونخواہ کی شکایات دور کرنے کی ہدایت

جمعرات 22 مئی 2014 07:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کو بتایا گیا ہے کہ جون اور جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید کم ہوجائے گی،رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں تین تین گھنٹے لوڈشیڈنگ نہ ہوگی،جبکہ کمیٹی نے خیبرپختونخواہ کی شکایات دور کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کا اجلاس محمد ارشد لاشاری کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں بجلی کے تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہوں کی شرکت ، وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کی عدم شرکت پر ارکان کمیٹی کااظہار ناراضگی ۔

کمیٹی ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2000میگا واٹ ہے شہری علاقوں میں پانچ اور دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری نے مزید بتایا کہ رمضان میں افطاری اور سحری کے اوقات میں تین ، تین گھنٹے لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ جون اور جولائی کے مہینے میں لوڈ شیڈنگ مزید کم ہوجائے گی ۔

اجلاس میں آئی ای ایس سی او کے علاقوں میں پانچ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے آئی ای ایس سی او چیف نے بتایا کہ نجی شعبوں میں بلو ں کی وصولی سو فیصد ہے لیکن آزاد کشمیر کی حکومت 250روپے فی یونٹ کو 15روپے میں عوام میں فروخت کررہی ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس میں بتایا کہ آزاد کشمیر حکومت 37 ارب روپے کی نادہندہ ہے اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے بتایا کہ سندھ میں صدر آباد کے علاقے میں پانی کی شدید کمی ہے لوگ پانی پینے کے لیے ترس گئے ہیں اور میت کو غسل دینے کے لیے بھی پانی موجود نہیں ہوتا جو حیسکو کی نااہلی ہے ۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کہا کہ پیسکو کو خیبر پختونخواہ میں ہماری حکومت کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے جو کہ ناانصافی ہے ۔ کے پی کے کو اس کے حصے کی پوری بجلی نہیں مل رہی ہے جس پر چیئرمین کمیٹی محمد ارشد لاشاری ان کی شکایت دور کرنے کی ہدایت کردی ۔