بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری، وزیراعظم پاکستان سمیت تمام سارک سربراہوں کو شرکت کی دعوت ،نواز شریف اس تقریب میں شریک ہوتے ہیں تو یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ کوئی پاکستانی وزیراعظم کسی بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شریک ہو، حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا،ترجمان دفتر خارجہ ، دعوت نامہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے بھیجا گیا

جمعرات 22 مئی 2014 07:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22مئی۔2014ء)بھارت کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سمیت تمام سارک سربراہوں کو دعوت دی گئی ہے ، اگر نواز شریف اس تقریب میں شریک ہوتے ہیں تو یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ کوئی پاکستانی وزیراعظم کسی بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شریک ہو تاہم پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال دعوت نامہ موصول نہیں ہوا جب موصول ہوگا تو وزارت خارجہ کو بھجوا دیا جائے گا ۔

سارک سربراہوں کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دینے کا اعلان بی جے پی کی ترجمان نرملا سیتا رامن نے صحافیوں سے بات چیت میں کیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارتی ذرائع سے تمام سارک سربراہوں کو دعوت دی گئی ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ نواز شریف شرکت کرینگے یا نہیں ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے صدر مہنداراجا پکسے کے دفتر نے ان کی شرکت کی تصدیق کی ہے ۔ ایک صدارتی اہلکار نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ صدر کو دعوت نامہ ملا ہے اور وہ شرکت کرینگے ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی کامیابی کے بعد ان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو دعوت دی گئی تھی مگر انہوں نے اپنے اندرونی مسائل کے باعث شرکت نہیں کی تھی ۔ بعض میڈیا اطلاعات کے مطابق نواز شریف خود جانے کی بجائے تقریب میں اپنا کوئی نمائندہ بھی بھجوا سکتے ہیں ۔ بھارتی مبصرین نریندر مودی کے اس اقدام کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی 26 مئی کو حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب نئی دہلی میں ہوگی دعوت نامہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔