وزیر خزانہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبوں کو تین ارب 39 کروڑ روپے سے زائد جاری کرنے کا فیصلہ، رواں مالی سال کے دوران صوبوں کو دو سو ارب روپے زائد ملیں گے، اسحاق ڈار

بدھ 21 مئی 2014 07:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبوں کو تین ارب 39 کروڑ روپے سے زائد جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ رواں مالی سال کی دوسری اور تیسری سہ ماہی کیلئے فاضل بجٹ رکھ سکیں اور وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران صوبوں کو دو سو ارب روپے زائد ملیں گے۔ منگل کو یہاں ہونے والے ششماہی اجلاس میں صوبائی وزرائے خزانہ سمیت سیکرٹریز نے شرکت کی جو این ایف سی کے ارکان ہیں اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک فیصد کلیکشن چارجز اور ایک فیصد دہشت گردی چارجز کے ساتھ کے پی کے کو 10.72 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں اور 990.58 ارب روپے باقی ہیں جس میں 569.58 ارب روپے صوبوں کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ قابل تقسیم محصولات میں صوبوں کو جولائی سے دسمبر کے دوران پنجاب کو 294.69 ارب روپے ‘ سندھ کو 139.84 ارب روپے ‘ کے پی کے کو 93.27 ارب روپے اور بلوچستان کو 61.63 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ صوبوں کو دوسری اور تیسری سہ ماہی میں سرپلس کے طور پر مزید رقم دی جائے گی یاد رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا تھا کہ صوبوں کو فاضل رقم پر ریٹ آف ریٹرنگ کی اجازت ہوگی۔

صوبوں کو مجموعی طورپر 3392.668 ملین روپے جاری کئے جائیں گے ان میں سے پنجاب کو 55 کروڑ 64 لاکھ 85 ہزار روپے‘ سندھ کو 23 لاکھ 13 ہزار روپے‘ کے پی کے کو 1 ارب 20 کروڑ 74 لاکھ دس ہزار روپے اور بلوچستان کو 1 ارب 62 کروڑ 64 لاکھ 80 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ مفاہمتی عمل کی تکمیل پر صوبوں کو ادائیگی میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی اور مفاہمتی عمل کیلئے وقت بھی کم از کم لیا جارہا ہے۔

انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ فیڈرل ایڈجسٹر کے بارے میں مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کریں انہوں نے بتایا کہ این ایف سی کے آئندہ اجلاس میں تمام امور پر مشاورت ہوگی۔ کے پی کے کے وزیر خزانہ سراج الحق نے اقتصادی اشاریوں میں بہتری کو سراہا اور کہا کہ اگر مزید محصولات پیدا ہوں گے تو وفاقی حکومت اور صوبوں سب کو فائدہ ہوگا۔

اجلاس کے تمام شرکاء نے این ایف سی ایوارڈ پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس مقصد کیلئے وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ ‘ پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن ‘ خیبرپختونخواہ کے وزیر خزانہ سراج الحق سمیت وزارت خزانہ اور صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :