وزیراعظم کے حلقہ میں 14گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، کامل علی آغا، نہیں سات گھنٹے ہوتی ہے،عابد شیر علی۔۔۔۔دونوں ارکان کی ایوان میں جھڑپ،قائمقام چیئرمین سینٹ نے عابد شیر علی کو چُپ کرادیا

بدھ 21 مئی 2014 07:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء) سینیٹ میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور سینیٹر کامل علی آغا میں جھڑپ‘ کامل علی آغا نے حلف لے کر کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے حلقے میں 14 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔ عابد علی شیر نے قائم مقام سینیٹ سے درخواست کی کہ غلط بیانی پر متعلقہ سینیٹر کے خلاف قانونی کارروائی کریں اور اگر سات گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو تو میرے خلاف ایکشن لیں۔

(جاری ہے)

منگل کے روز سینیٹ کے اجلاس میں کامل علی آغا نے کہا میرے حلقے میں چودہ گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ملک میں بجلی کا شدید بحران ہے حکومت شارٹ فال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے تو عابد شیر علی نے کہا کہ یہ غلط ہے میں ایوان میں یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتا ہوں کہ ملک میں کہی بھی جگہ چودہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی ہے سات گھنٹے ہورہی ہے جس پر کامل علی آغا نے کہا کہ میں حلف دینے کو تیار ہوں وزیراعظم کے حلقے سے میرا تعلق ہے وہاں پر بھی بجلی کا شدید بحران ہے جس پر عابد شیر علی نے کہا کہ آپ غلط بیانی کررہے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ غلط بیانی کی سزا کیا ہے؟ تاہم قائم مقام چیئرمین سینیٹ کے استفسار سے عابد شیر کو انہوں نے مزید بحث میں حصہ لینے سے منع کردیا اور کہا کہ اس معاملے کو طوالت نہ دی جائے۔