لاہور ہائیکورٹ ، نوازشریف،شہباز شریف،عمران خان،آصف زرداری،چوہدری شجاعت حسین اور فضل الرحمن سمیت 26سیاست دانوں کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کیلئے دائر درخواست کی سماعت 16جون تک ملتوی

بدھ 21 مئی 2014 07:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21مئی۔2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف،شہباز شریف،عمران خان،آصف زرداری،چوہدری شجاعت حسین اور فضل الرحمن سمیت 26سیاست دانوں کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے دائر درخواست پرنوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں جواب داخل کرنے کی ہدائت کر دی۔ درخواست گزار بئیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے عدالت کے روبرودلائل دیتے ہوئے کہا کہ درخواست میں فریق بنائے گئے چھبیس سیاست دانوں نے اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

سیاست دانوں کی جانب سے اثاثے بیرون ملک منتقل کئے جانے کی بناء پر بیرونی سرمایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کر رہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر یہ رقم پاکستان واپس لائی جائے تو نہ صرف ملکی قرضے لوٹائے جا سکتے ہیں بلکہ ڈولتی ہوئی قومی معیشت کو پٹری پر لایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی نوٹسز کی آج بھی تعمیل نہیں ہوسکی لہذا مزید وقت فراہم کیا جائے۔جس پر عدالت نے نوازشریف،شہباز شریف،عمران خان،آصف زرداری،چوہدری شجاعت حسین اور فضل الرحمن سمیت چھبیس سیاست دانوں کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے دائر درخواست پرنوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں جواب داخل کرنے کی ہدائت کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16جون تک ملتوی کر دی۔