کیا شاہ رخ، سلمان، عامر بھارت چھوڑ کر جا رہے ہیں؟

منگل 20 مئی 2014 07:31

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)کیا نریندر مودی کی جیت کے بعد بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان بھارت چھوڑ کر پاکستان جا رہے ہیں؟بی بی سی کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ سوال اس وقت اٹھا جب کے آر کے نام سے مشہور بالی ایک وڈ اداکار اور پروڈیوسر کمال آر خان نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا تھا: ’اگر نریندر مودی وزیر اعظم بنتے ہیں تو میں بھارت چھوڑ کر پاکستان جا کر بس جاؤں گا۔

‘شاہ رخ خان نے اس جعلی ٹویٹ کی تصویر کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’وہ تمام بیوقوف لوگ جو ایک ایسے ٹویٹ کی بات کر رہے ہیں جسے میں نے لکھا ہی نہیں، میں انھیں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ سب اتنے ہی خراب اور بچگانہ ہیں جتنی اس ٹویٹ کی غلط انگریزی۔

(جاری ہے)

‘شاہ رخ خان کے اس ٹویٹ کو 2799 لوگوں نے ری ٹویٹ کیا۔

سلمان خان نے نریندر مودی کی حمایت میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب سے اچھے امیدوار کو ووٹ دیں ،کے آر کے نے جعلی ٹویٹ والی تصویر لگا کر سوال کیا کہ کیا یہ سچ ہے کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان نے یہ ٹویٹ کی تھیں۔

تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ نریندر مودی سے متعلق عامر خان کے ٹویٹ کو 950 ری ٹویٹ، سلمان خان کے ٹویٹ کو 1219 ری ٹویٹ اور شاہ رخ خان کے ٹویٹ کو 1110 ری ٹویٹ ملے۔جعلی ٹویٹس کی ان تصاویر کو کئی لوگوں نے ری ٹویٹ کیا۔ تاہم فوری طور پر ہی لوگوں نے اس کے جھوٹ ہونے کی بات بھی سامنے رکھ دی تھی، اور جلد ہی کے آر کے کے اس ٹویٹ کا جواب دینے کے لیے شاہ رخ خان کے کئی پرستار بھی ٹویٹ کرنے لگ گئے۔

ایس آرکے وارئیر 1 نام سے شاہ رخ کے ایک مداح لکھا: ’شاہ رخ اور عامر خان والا ٹویٹ جعلی ہے، بی جے پی کے اترپردیش یونٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان تصاویر کے جعلی ہونے کی بات کہی ہے۔‘عام آدمی پارٹی کے حامی راگھو نے لکھا: ’دوستو، کیوں فوٹوشاپ کا استعمال کر رہے ہو؟ بکواس باتیں ہیں، کوئی بھارت نہیں چھوڑ رہا۔ ہم سب یہیں رہ کر انتظار کریں گے۔

‘کے آر کے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق وہ خود بھارت چھوڑ کر دبئی جا چکے ہیں۔ وجہ ہے کہ کچھ وقت پہلے نریندر مودی کی انتخابی مہم کو دیکھتے ہوئے انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ ’اگر مودی جیت گئے تو وہ بھارت چھوڑ کر کسی اور ملک چلے جائیں گے۔‘کے آر کے اپنے متنازع بیانات کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی وہ اس طرح کے کئی بیانات کے سبب ٹوئٹر پر مذاق کا موضوع بن چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :