بی جے پی پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے میں سنجیدہ ہے، ٹی سی راگھون،پاکستان تعلقات کی بہتری کیلئے ممبئی حملوں کے ملزمان کو کٹہرے میں لانے سمیت دیگر امور پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے،میڈیا سے گفتگو

منگل 20 مئی 2014 07:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر نے بھارت میں نئی حکومت کے برسر اقتدار آتے ہی بہتر اورسنجیدہ نوعیت کے اقدامات اٹھانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے سلسلے میں کافی سنجیدہ ہے اور جلد اس سلسلے میں اہم اقدامات کئے جائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی راگھون نے کہا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں نئی حکومت کے برسر اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی پاکستان کی وفاقی حکومت سے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔

۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت لازم و ملزوم ہے اور بھارت پاکستان کے ساتھ ہمیشہ بہتر تعلقات قائم کرنے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد بھارت پاکستان کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور دونوں ملکوں کے درمیان پھر سے حالات معمول پر آئیں گے۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر کے مطابق نریندر مودی پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کے سلسلے میں کاربند ہے اور انتخابی ریلیوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مسائل کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے پیش کی گئی تجویزوں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا ۔لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر دونوں ملکوں کو تشویش ہے اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں بھارت کی مرکزی حکومت کو یقین دلایا ہے۔

متعلقہ عنوان :