پاکستان کی حکومت اور عوام تاریخی اقتصادی پیکج دینے پر چین کے شکر گزار ہیں،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف،پاکستان کے لئے 32 ارب ڈالر کے چینی پیکج پر عملدرآمد کے لئے دونوں ممالک تیزرفتاری کے ساتھ مصروف کار ہیں،چین کے ساتھ مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر میٹروبس سروس اور نندی پور پراجیکٹ کی طرح تیزرفتاری سے عمل کیا جائے گا،معیشت کی بحالی اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے پاکستانی قیادت دوست ممالک سے رابطوں کی تجدید کر رہی ہے،عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے جہاں بھی جانا پڑا جاؤں گا‘ وزیراعلیٰ کی شنگھائی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

منگل 20 مئی 2014 07:27

شنگائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے 32 ارب ڈالر کے چینی ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد کے لئے دونوں ملکوں کی حکومتیں پوری تیز رفتاری کے ساتھ مصروف کار ہیں ،وہ شنگھائی ائر پورٹ پر اترنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے - انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس تاریخی پیکج پر چین کے شکر گزار ہیں اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں - انہوں نے کہا کہ چین نے تاریخ کے ہر موڑ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دنیا بھر کی اقوام میں پاک چین دوستی کی مثال نہیں ملتی- انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں پاک چین تعلقات کو اقتصادی تعاون میں ڈھالنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی جبکہ معیشت کی بحالی اور توانائی کے بحران کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی قیادت تمام دوست ممالک سے رابطوں کی تجدید کر رہی ہے - انہوں نے کہا کہ چین کا ترقیاتی پیکج پاکستانی قیادت پر چین کے اعتماد کی روشن علامت ہے - محمد شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے بحران کے خاتمے کے بغیر اقتصادی بحالی کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا - اسی لئے ہم بجلی کی پیداوار کے لئے بیرونی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی غرض سے شب و روز کوشاں ہیں - انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے مجھے جہاں بھی جانا پڑا جاؤں گا - انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر اسی تیز رفتاری سے عمل کیا جائے گا جس سے میٹرو بس اورنندی پور کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں -ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ چین کے ساتھ باہمی تعاون پر مبنی منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے وزیر اعلی ہاؤس میں ایک خصوصی سیل بنایا گیا ہے جس کی نگرانی میں خود کررہا ہوں ۔