پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ اسمبلی کے اراکین کے مرکزی قیادت سے اختلافات شدت اختیار کرگئے ،جلاوطنی کے باوجود نواز شریف نے حکمرانی کا تجربہ نہیں سیکھا، عرفان اللہ مروت، وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں امن و امان اور سندھ کے دیگر ترقیاتی امور پر سندھ کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ، وزیراعظم دورہ کراچی کے دوران ملاقات کا وقت بھی نہیں دیتے،پارلیمانی لیڈر(ن) لیگ سند ھ اسمبلی

منگل 20 مئی 2014 07:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)سندھ اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ مروت نے کہا ہے کہ 11 سالہ جلاوطنی کے باوجود نواز شریف حکمرانی کا تجربہ حاصل نہیں کرسکے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ اسمبلی کے اراکین کے مرکزی قیادت سے اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ 2 روز قبل عرفان اللہ مروت کی سربراہی میں سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی میں امن و امان اور سندھ کے دیگر ترقیاتی امور پر سندھ کے منتخب نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا جب کہ وزیراعظم دورہ کراچی کے دوران ملاقات کا وقت بھی نہیں دیتے۔

انہوں نے نوازشریف سے مطالبہ کیا تھا کہ پیر تک سندھ اسمبلی کے اراکین کو کراچی اور سندھ کے ترقیاتی امور سے متعلق اعتماد میں لیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔

(جاری ہے)

عرفان اللہ مروت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف 11 سالہ جلاوطنی کاٹ چکے ہیں لیکن اس کے باوجود حکمرانی کا تجربہ حاصل نہیں کیا، اگر ایک ہفتے کے دوران وفاقی حکومت نے سندھ سے متعلق کئے جانیوالے فیصلوں پر اراکین کو اعتماد میں نہ لیا اور ہمارے مسائل حل نہ کئے گئے تو ہم الگ نشتوں پر بیٹھنے پر مجبور ہوجائیں گے جب کہ سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت پر بھی غور کریں گے۔