کوئٹہ ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ،پرویزمشرف کی مقدمہ میں ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ،سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی نے مقدمہ میں بریت کے حوالے سے درخواستیں جمع کرادیں

منگل 20 مئی 2014 07:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء) کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے پرویزمشرف کی مقدمہ میں ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی نے مقدمہ میں بریت کے حوالے سے درخواستیں جمع کرادیں نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طارق انور کاسی نے کی اس موقع پر سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیرپاؤ  سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی پیش ہوئے جبکہ مقدمہ میں نامزد مرکزی ملزم پرویزمشرف کی جانب سے ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے سماعت کے دوران عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے ان کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ سے متعلق درخواست جمع کروائی عدالت نے پرویز مشرف کی ایک روزہ استثنیٰ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ان کے وکیل اور ضامنوں کو تاکید کی کہ آئندہ سماعت میں پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنایاجائے سماعت کے دوران سماعت کے دوران آفتاب احمد شیرپاؤ اور شعیب نوشیروانی کی وکیل افتخار گیلانی نے عدالت میں دونوں نامزد ملزمان کی مقدمہ میں بریت کے حوالے سے درخواست پیش کی انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ چونکہ مقدمہ میں ناتو تاحال کوئی شواہد اکٹھے کئے گئے ہیں اور نہ ہی کوئی گواہان پیش کئے جارہے ہیں لہٰذا عدالت مقدمہ میں نامزد دونوں ملزمان کو بری کرے جس کے بعد مقدمہ کی سماعت 16 جون تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔