ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجودشہرقائد میں قتل وغارت کا سلسلہ جاری فائرنگ اور پرتشددواقعات میں ایک خاتون سمیت7افراد جاں بحق

منگل 20 مئی 2014 07:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجودشہرقائد میں قتل وغارت کا سلسلہ بھی جاری ہے،پیرکو فائرنگ اور پرتشددواقعات میں ایک خاتون سمیت7افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق میٹھادرتھانے کی حدودمیں سراجیہ امام بارگاہ کے قریب نامعلوم مسلح افرادکی فائرنگ سے 2افرادجاں بحق ہوگئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور دوکانیں بندہوگئیں،جاں بحق افراد کی شناخت 45سالہ شوکت حسین شیرازی اور50سالہ قیصرکے نام سے ہوئی ہے۔

دونوں لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ کلنگ کا شاخسانہ لگتاہے۔مقتول شوکت حسین شیرازی سراجیہ امام بارگاہ کا متولی بتایا جاتا ہے۔ادھرلیاقت آبادتھانے کی حدودمیں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 40سالہ آغامسعودکوہلاک کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا۔

مقتول کا تعلق ایل تشیع مکتبہ فکرسے بتایا جاتاہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیاجبکہ قاتل فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ادھرمنگھوپیرتھانے کی حدود میانوالی کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی نمبر BD-9071 پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 40 سالہ عرفان ولد افضال ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

جیکسن کے علاقے کیماڑی پونا والا اپارٹمنٹ کے قریب گلی نمبر 4میں 3مسلح دہشت گردوں نے گھر میں گھس کر بھائی کے سامنے 30سالہ خاتون صداقت زوجہ زوہیب الحسن کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ شادی شدہ تھی تاہم بچے نہیں ہیں ۔ مقتولہ کا شوہر آئل ٹرمینل پر سیکورٹی گارڈ ہے جو کہ واقعہ کے وقت گھر میں موجود تھا، مقتولہ کی حال ہی میں صوابی کے علاقے منئی میں شادی ہوئی تھی اور وہ گاو?ں سے کراچی آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔نارتھ کراچی پیلے اسکول 5C-4 باڑہ مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سنی تحریک کا کارکن 30 سالہ عقیل قادری نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عائشہ منزل کے قریب جوہر آباد تھانے کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 35 سالہ سجاد حسین ولد حسن علی کو قتل کردیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔

سعید آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل ارشد جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سائٹ ایریا سیمنز چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 30 سالہ حامد ولد یامین زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مچھر کالونی میں صدام چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ یونس ولد حسین بنگالی زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ بلدیہ اتحاد ٹاو?ن میں فائرنگ سے وقار اور عمران زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔

متعلقہ عنوان :