کابل، وزارت دفاع میں فور سٹار جنرلز کی سطح کے سہ فریقی ا جلاس کا انعقاد ، اجلاس میں افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا، افغان فوجی حکام کی پاکستانی وفد کو افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال خصوصاً افغان صدارتی الیکشن کے حوالے سے بریفنگ ،چیف آف آرمی سٹاف کی قائم مقام صدر یونس قانونی اور وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی سے ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 20 مئی 2014 07:18

راولپنڈی، کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء) فور سٹار جنرلز کی سطح کا ایک سہ فریقی اجلاس سوموار کے روز افغان وزارت دفاع میں منعقد ہوا ، اجلاس میں افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے چیف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، افغان چیف آف جنرل سٹاف جنرل شیر محمد کرمانی اور ایساف کمانڈر جنرل جوزف ڈلفورڈ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا افغانستان سے امریکی اور ایساف فورسز کے انخلاء کے نتیجہ میں افغان قومی سکیورٹی فورسز کو سکیورٹی کی ذمہ داری منتقل کرنے کا علاوہ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعاون بڑھانے خصوصاً پاک افغان سرحد کے ساتھ ساتھ تعاون کے انتظامات پر زور دیا گیا افغان فوجی حکام نے پاکستانی وفد کو افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال خصوصاً افغان صدارتی الیکشن کے حوالے سے بریفنگ دی بعد میں چیف آف آرمی سٹاف نے قائم مقام صدر یونس قانونی اور وزیر دفاع جنرل بسم اللہ محمدی سے ملاقاتیں کیں ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔