الیکشن کمیشن آف پاکستان کا عام انتخابات میں ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والوں کیخلاف فوجداری قانون کے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ، الیکشن ٹربیونلز سے الیکشن پٹیشنز کی تمام تفصیلات طلب کرلیں، جماعت اسلامی کیخلاف عائد پابندی کے حوالے سے درخواست مسترد کردی گئی، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گیارہ نئی سیاسی جماعتوں کو رجسٹرڈ کرلیا ، انہیں انتخابی نشانات بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں، شیر افگن، ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 281 ہوگئی

منگل 20 مئی 2014 07:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20مئی۔2014ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والوں کیخلاف فوجداری قانون کے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، جماعت اسلامی کیخلاف عائد پابندی کے حوالے سے ملنے والی درخواست مسترد کردی گئی ہے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گیارہ نئی سیاسی جماعتوں کو رجسٹرڈ کرلیا ہے اور انہیں انتخابی نشانات بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں ۔

پیر کے روز الیکشن کمیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن شیر افگن نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 281سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں جن میں نئی 11سیاسی جماعتوں کا اضافہ ہوا ہے جنہیں انتخابی نشانات بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کیخلاف عائد پابندی کے حوالے سے ملتان کے رہائشی قاسم رب نواز نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے کہ جماعت اسلامی ایک مذہبی جماعت ہے جو کہ سیاست میں حصہ لے رہی ہے لہذا اس کے سیاست پر حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے جس کو خارج کردیا گیا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر سے الیکشن ٹربیونلز سے ایک سے زیادہ ووٹ ڈالنے سمیت دیگر نمٹائے گئے اور التواء کا شکار الیکشن پٹیشنز کی تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں ایک سے زائد ووٹ ڈالنے والوں کیخلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے گی اور وہ سزا سے نہیں بچ سکیں گے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے عدم انعقاد کے حوالے سے حکومت نے تین ارب روپے واپس مانگے ہیں جب دوبارہ انتخابات کا انعقاد ہوگا تو حکومت سے مانگ لینگے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت 405الیکشن پٹیشنز فائل ہوئی ہیں جن پر کام جاری ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کو ویب سائیٹ پر ڈالنے کیلئے کام جاری ہے ۔

عمران خان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پورے الیکشن کے نظام کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے ایک شکایت موصول ہوئی ہے کہ ریٹرننگ افسران نے 1500 ووٹوں کو آٹھ ہزار ووٹوں میں تبدیل کیا ہے یہ ایک الزام تو ہوسکتا ہے مگر حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فارم نمبر 14منگوا لئے گئے ہیں جونہی آئینگے وہ پبلشر کردیئے جائینگے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کرانے کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے لیکن اس حوالے سے تمام تر تیاری صوبوں نے کرنی ہے صوبے آج ہمیں کہیں ہم کل الیکشن کرادینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوئے ہیں ان میں میں آل پاکستان عام آدمی پارٹی ، متحدہ جمہوری وطن پارٹی ، اسلامی پارٹی ،تحریک تحفظ پاکستان ، اسلامک لاء پاکستان پارٹی ، وسیب پارٹی اتحاد کو پارٹی نشانات الاٹ ہوئے ہیں اور جو رجسٹرڈ ہوئی ہیں میں آل پاکستان عام آدمی پارٹی پاکستان ، عام انسان موومنٹ ، پاکستان زندہ باد پارٹی ، تحریک حق پاکستان ، پاکستان امن تحریک ، ہم عوام پارٹی ، سنی تحریک ، پاکستان مزدور محاذ اور پاکستان تحریک صدائے حق شامل ہیں