الطاف حسین اور گورنر سندھ کے درمیان پیداہونیوالی دوریاں ختم ، ذرائع

پیر 19 مئی 2014 07:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مئی۔2014ء) اعلیٰ ترین حکومتی شخصیات کے رابطوں کے بعد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے درمیان بعض امور پرپیداہونیوالی دوریاں ختم ہوگئی جس کے بعد قومی امکان ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بدستور اپنے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ روز ایک میڈیا گروپ سے گفتگو میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعض امور کے حوالے سے دکھ کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ دبئی روانہ ہوسکتے ہیں اور ایم کیو ایم کی قیادت ان سے استعفیٰ طلب کرسکتی ہے یا وہ خود مستعفیٰ ہوسکتے ہیں تاہم گزشتہ شب اس معاملے پر وفاق اور مقتدر حلقے فوری طور پر ایم کیو ایم کی اعلیٰ ترین قیادت سے رابطے میں آگئے اور وفاق کے سیاسی رابطہ کار نے ایم کیو ایم کی قیادت کو الطاف حسین کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے پر یقین دہانی کرادی جس کے بعد الطاف حسین کی جانب سے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ ان کے شناختی کارڈ کے معاملے پر جو احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے.

اسے روک دیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان رابطوں میں ایم کیو ایم اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے درمیان بعض امور پر جو خلیج پیدا ہوئی تھی اس کو بھی مشاورت سے دور کرلیا گیا ہے اور اس بات پر اتفاق کرلیا گیا کہ گورنر سندھ بدستور اپنے عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت نے گورنر سندھ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ وفاقی حلقوں کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے،وفاق ان پر اعتماد کرتی ہے۔