پاکستان ریلوے کو 14 نئے لوکوموٹوز وصول ہو چکے ہیں جو ہر لحاظ سے بہتر کارکردگی کے حامل ہیں،خواجہ سعد رفیق،پاکستان ریلویز نے جون 2013ء سے اپریل 2014ء تک گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے 15ارب 52 کروڑ کی بجائے 21 ارب 32 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا جو پچھلے سال کی آمدنی سے 5ارب 27 کروڑ روپے زائد ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ مالی سال کی اسی مدت کے لیے متعین کردہ بجٹ سے 2ارب 12کروڑ روپے زیادہ ہے، ریلویز ہیڈ کوارٹرز میں کارکردگی کے 323 روزمکمل ہونے پر اظہارخیال

پیر 19 مئی 2014 07:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مئی۔2014ء)پاکستان ریلویز نے جون 2013ء سے اپریل 2014ء تک گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے کے 15ارب 52 کروڑ کی بجائے 21 ارب 32 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا جو پچھلے سال کی آمدنی سے 5ارب 27 کروڑ روپے زائد ہونے کے ساتھ ساتھ موجودہ مالی سال کی اسی مدت کے لیے متعین کردہ بجٹ سے 2ارب 12کروڑ روپے زیادہ ہے، توقع ہے کہ مالی سال کے اختتام تک گزشتہ سال کے مقابلے میں کم وبیش 6ارب روپے کی زائد آمدنی ہو گی یہ بات وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹرز میں اپنی کارکردگی کے 323 روزمکمل ہونے کے حوالے سے بتائی، انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو 14 نئے لوکوموٹوز وصول ہو چکے ہیں جنہیں ریلویز نے لاہور سے کراچی فرید ایکسپریس3، کراچی سے لاہور نائٹ کوچ 2، شالیمار ایکسپریس کراچی لاہور 2، ملتان کراچی ذکریا ایکسپریس2، راولپنڈی ، کوئٹہ جعفر ایکسپریس 2، پنڈی کوئٹہ اکبر بگٹی ایکسپریس2، لاہور راولپنڈی ریل کار 1 اور ایک لوکو موٹو اضافی سٹینڈ بائی رکھ لیا ہے، انہوں نے کہا کہ وصول کئے جانے والے تمام لوکوموٹوز ہر لحاظ سے بہتر کارکردگی کے حامل ہیں ہمارے انجینئرز ان لوکوموٹوز کو ہر طرح سے آزمائش کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ آمدنی میں اضافہ مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں کمی کے نتیجہ کے مور پر مسافروں کی تعداد میں اضافہ، سکریپ کی شفاف فروخت، سرکاری محکمہ جات سے واجبات کی وصولی سے حاصل کیے گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ریلویز میں چند اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن کے مطابق جنڈشٹل کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ ٹرین اٹک،جھلار، مسال، لنگر اور جنڈ کے مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ اٹک سے جنڈ کا بس کا کرایہ 120روپے ہے جبکہ ریل کا کرایہ 90روپے رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے ہر ماہ 18ہزار مسافر فائدہ اٹھا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ لاہور اور سیالکوٹ کے درمیان شہسوار پسنجر کا دوبارہ اجراء کیا جا رہا ہے اس اقدام سے نارنگ، بدوملہی، نارووال، پسرور اور سیالکوٹ کے مسافروں کو فائدہ ہو گا، اس سہولت سے کم وبیش 850مسافر روزانہ فائدہ اٹھا سکیں گے، انہوں نے کہا کہ 25 مئی سے تیز گام ایکسپریس کا کراچی سے راولپنڈی کا سفر 26 گھنٹے 25 منٹ کی بجائے 25 گھنٹے 45 منٹ رہ جائے گا یہ 40منٹ کی کمی 6سٹاپس کم کرنے کی وجہج سے ہو گی، انہوں نے کہا کہ 21 مئی سے اسلام آباد ایکسپریس لاہور سٹی سٹیشن کی بجائے کینٹ سٹیشن سے چلائی جائے گی جو چکلالہ سٹیشن پر بھی رکے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور پنجاب حکومت پاکستان سے بڑا تعاون کررہی ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس نے پاکستان بھر سے 500ایکڑ زمین واگزار کروا لی ہے، انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی یا وزراء کی خواہش پر ماضی میں غیر ضروری سیاسی سٹاپس کو ختم کیا جا رہا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 3ماہ کے لیے کراچی کے مسافروں کو رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس سہولت کو مسافروں کی ٹکٹ میں شامل کیا جائے گا، سیاسی تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو احتجاج اور دھرنا دیتے ہیں انہیں اپنا کام کرنے دیں ہمیں ہمارا کام کرنے دیں م، اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن، آئی جی ریلوے پولیس ودیگر ریلوے افسران شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :