سینیٹر نسرین جلیل کا وزیر اعظم نواز شریف کو خط ، YouTubeکی بندش سے عوا م کی تشویش سے متعلق آگا ہ کیا

پیر 19 مئی 2014 07:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مئی۔2014ء)متحدہ قو می موومنٹ سے منتخب سینیٹر نسرین جلیل نے ایک خط کے ذریعے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو پاکستان میں سماجی ویب سائٹ YouTubeکی مستقل بندش سے عوا م میں پائی جانے والی تشویش کے متعلق آگا ہ کیا ہے ۔ حق پرست سینیٹر نسرین جلیل نے وزیر اعظم کواپنے خط میں کہا ہے کہ ملک میں یوٹیوب کی مستقل بندش سے ملک بھر کی عوام کو شدید تشویش لاحق ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق نے بھی یوٹیوب پر عائد پابندی کے خاتمے کی قرارداد منظور کی تھی جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی انفارمیشن منسٹری کوسماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر سے پابندی ہٹانے کا حکم دیا تھا۔نسرین جلیل نے کہا کہ یوٹیوب سماجی رابطے کا ایک اہم ذریعہ ہے اورآ ج جدید دور میں اس کے ذریعے معلومات اور آگہی حاصل کرنا قدر آسان ہوجاتا ہے لیکن پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں یوٹیوب پر پابندی عائد ہے جبکہ آج ملک میں3Gاور4G ٹیکنالوجی کے اجراء کے بعد پاکستان تیز رفتار رابطے کی دوڑ میں بھی شامل ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

حق پرست سینیٹر نسرین جلیل نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے کہاہے کہ وہ عوامی احساسات ، عوامی ضروریات اور آج کے جدید دور کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ملک میں یوٹیوب پر عائد پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے یوٹیوب پر سے پابندی فی الفوختم کروا کر عوام کو سہولت فراہم کریں ۔