فوج مخالف ایجنڈا حکومت کا ہو یا کسی اور کا ڈٹ کر مخالفت کرینگے، پرویزالٰہی ،پاکستان مسلم لیگ کی کامیاب ریلیوں نے ثابت کر دیا کہ عوام مسلح افواج کے ساتھ ہیں، آج پنجاب اسمبلی میں فوج کے حق میں قرارداد پیش کرینگے، ریلی کے موقع پر گفتگو

پیر 19 مئی 2014 07:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مئی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کی کامیاب ریلیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں، افواج پاکستان نہ صرف ہماری سرحدوں بلکہ نظریاتی طور پر بھی قوم کی محافظ ہیں، ہم ان کی عزت و وقار پر آنچ نہیں آنے دینگے اور بھرپور انداز میں ان کا ساتھ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے حق میں اپنی جماعت کی متعدد شہروں میں بہت بڑی اور پرجوش ریلیوں کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف ایجنڈا چاہے حکومت سے آئے یا کسی اور جگہ سے ہم ڈٹ کر اس کی مخالفت کریں گے، عوام جس طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ہم بھی انشاء اللہ تعالیٰ ان کے شانہ بہ شانہ ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے بتایا کہ پیر کو پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد بھی پیش کرے گی۔

انہوں نے عظیم الشان ریلیاں نکالنے پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو چودھری شجاعت حسین اور اپنی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگی کارکن پاکستان اور مسلح افواج کے عزت و وقار کے تحفظ کیلئے ہمیشہ متحد اور چوکس ہیں۔