رمضان پیکج مبارک مہینہ شروع ہونے سے ایک ہفتے پہلے ہی شروع کردیا جائے گا،خاقان مرتضیٰ، کسی کو مقدار پر شبہ ہو تو وہ تول کر دینے کا مطالبہ بھی کرسکتا ہے ، معیار کی شکایت ہمارے یونیورسل نمبر پر کی جاسکتی ہے ۔حکومت نے رمضان پیکج کے تحت دو ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جس کے تحت پورا رمضان رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء فراہم کی جائینگی، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا انٹرویو

اتوار 18 مئی 2014 07:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء)یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر خاقان مرتضیٰ نے کہا ہے کہ رمضان پیکج مبارک مہینہ شروع ہونے سے ایک ہفتے پہلے ہی شروع کردیا جائے گا ، اگر کسی کو مقدار پر شبہ ہو تو وہ تول کر دینے کا مطالبہ بھی کرسکتا ہے جبکہ معیار کی شکایت ہمارے یونیورسل نمبر پر کی جاسکتی ہے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان پیکج کے تحت دو ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جس کے تحت پورا رمضان رعایتی نرخوں پر ضروری اشیاء فراہم کی جائینگی ۔

آٹے کے دس کلو تھیلے پر ساٹھ روپے اور بیس کلو کے تھیلے پر 120روپے کی رعایت دی جائے گی ۔ تیل اور گھی پر فی کلو 10روپے رعایت ہوگی ۔ ماضی میں رعایت صرف چنے کی دال اور کابلی چنے پر دی جاتی تھی مگر اس مرتبہ حکومت نے اس میں مونگ ، ماش اور مسور کی دالیں بھی شامل کردی ہیں جن پر دس روپے کلو رعایت ہوگی ۔

(جاری ہے)

اسی طرح بیسن ، کھجور اور ہر قسم کے چاول پر بھی دس روپے کلو رعایت دی جائے گی ۔

مشروبات کی بڑی بوتل پر دس روپے اورچھوٹی پر آٹھ روپے رعایت ہوگی ، چائے کی پتی پچاس روپے کلو اور ہر کمپنی کا پیک شدہ دودھ دس روپے فی لیٹر کم پردستیاب ہوگا ۔ اس طرح پیک شدہ دودھ کے کاٹن پر 120روپے رعایت ملے گی ۔ اشیاء کی دستیابی کے حوالے سے سوال پر خاقان مرتضیٰ نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے تحت رمضان سے ایک ہفتہ پہلے سپلائی شروع ہوگی اور ہم 23جون سے رعایتی نرخوں پر اشیاء فراہم کرینگے جبکہ ان کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

مختلف اشیاء کے معیار کے بارے میں شکایات پر ایم ڈی نے کہا کہ اگر کسی کو وزن کم محسوس ہو تو وہ ہر یوٹیلٹی سٹورز پر موجود کنڈے کو استعمال کرسکتا ہے ہم کم تولنے والے کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہیں اسی طرح اشیاء کے معیار کے بارے میں شکایات ہمارے یونیورسل نمبر پر کی جاسکتی ہیں جو 0800-05590اور 111-123570ہیں ۔ یہ شکایات ہمیں روزانہ کی بنیاد پر دستیاب ہوسکتی ہیں ہم نے تیسرے فریق سے بھی چیکنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے اچھے اثرات ہونگے ۔