وزیراعلیٰ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، توانائی سمیت مختلف سماجی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق، توانائی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے،سمال ہائیڈل پراجیکٹس لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے: شہباز شریف، سمال ہائیڈل پراجیکٹس کے حوالے سے عالمی بینک کے تعاون سے جامع میکانزم تیار کیاجائے گا، 100 میگاواٹ کاسولر منصوبہ دسمبر تک مکمل کرلیں گے، داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے جلد کام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس پر 4 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئے گی، نندی پور پاور پراجیکٹ کا رواں ماہ افتتاح کیا جائے گا، پنجاب میں شفافیت ، میرٹ اور اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا ہے، کفایت شعاری کرکے بچائے وسائل عوامی فلاح پر خرچ کر رہے ہیں:وزیراعلیٰ، پنجاب میں زراعت اور آبپاشی کے شعبوں میں جاری مختلف پروگرامز پر کام کی رفتار انتہائی اطمینان بخش ہے : کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک

اتوار 18 مئی 2014 07:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس حوالے سے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے جلد کام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس پر 4 ارب ڈالر سے زائد لاگت آئے گی۔ داسو ڈیم کی تعمیر کیلئے عالمی بینک کے تعاون کی یقین دہانی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے توانائی سمیت مختلف سماجی شعبوں میں جاری ترقیاتی پروگراموں پر تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عالمی بینک کے واٹر ریسورسز کے ماہر مسعود احمد بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عالمی بینک کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی،تعلیم، صحت، زراعت، آبپاشی اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں عالمی بینک کا تعاون خوش آئندہے۔ پنجاب میں شفافیت ، میرٹ اور اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے۔ عوام کو بہترین خدمات اور ریلیف کی فراہمی کے پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ صوبے میں کفایت شعاری پالیسی کے تحت بچائے گئے وسائل بھی عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کئے جا رہے ہیں۔

توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ بہاولپور میں پاکستان کے پہلے سولر پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور یہ منصوبہ مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے گا جس سے پہلے مرحلے میں دسمبر 2014 تک 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ مجموعی طور پر سولر پاور پراجیکٹس سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی ڈیڑھ سے دو برس کے دوران ملے گی۔

نندی پور پاور پراجیکٹ کو ایک نئے عزم اور دن رات محنت سے دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور انشاء اللہ رواں ماہ وزیراعظم محمد نواز شریف نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ پنجاب حکومت نے مختلف مقامات پر سمال ہائیڈل پراجیکٹس پر کام شروع کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ہے اور پنجاب میں سمال ہائیڈل پراجیکٹس کے حوالے سے عالمی بینک کے تعاون سے جامع میکانزم تیار کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم جیسے قومی اہمیت کے منصوبے کئی برس قبل ملک میں لگنے چاہئیں تھے لیکن ماضی کے حکمرانوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کے حوالے سے بڑے ڈیمز بنانے کیلئے عالمی بینک کی جانب سے تعاون لائق تحسین ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک توانائی،سمال ہائیڈل منصوبوں ، زراعت، آبپاشی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

پنجاب میں زراعت اور آبپاشی کے شعبوں میں جاری پروگرامز پر کام کی رفتار انتہائی اطمینان بخش ہے ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کے حکام مختلف پروگرامز پر تیزی سے عملدرآمد کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید ، صوبائی وزیر آبپاشی یاو ر زمان ، چیف سیکرٹری، سمیع سعید اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔