بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، عابد شیر علی،شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ چھ سے سات جبکہ دیہی علاقوں میں آٹھ سے نو گھنٹے تک ہو گیا ہے، جو لوگ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ان علاقوں میں بجلی کی چوری بہت زیادہ ہو رہی ہے، جو بل دیں گے وہی بجلی استعمال کریں گے، ہم اپنے تمام قومی اوردفاعی اداروں کا احترام کرتے ہیں ان کے خلاف کوئی بھی جاری مہم کا ساتھ نہیں دیں گے،کسی نجی ٹی وی چینل کو مذہبی منافرت پھیلانے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں،میڈیاسے گفتگو

اتوار 18 مئی 2014 07:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18مئی۔2014ء )وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی واقع ہوئی ہے یہ بات انھوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ چھ سے سات جبکہ دیہی علاقوں میں آٹھ سے نو گھنٹے تک ہو گیا ہے جو لوگ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ان علاقوں میں بجلی کی چوری بہت زیادہ ہو رہی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے سلسلہ میں بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور امید ہے کہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے سے قبل ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر دے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ قطر اور چائنہ کی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑے پاور پلانٹ جیٹی پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گا جس سے لوڈشیڈنگ میں واضح کمی ہو جائے گی ۔

انھوں نے کہاکہ جو بل دیں گے وہی بجلی استعمال کریں گے ۔ اس سلسلہ میں سرکٹ ہاؤس فیصل آباد کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بجلی کاٹنے کے احکامات جاری کئے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی جبکہ سحری ، افطاری اور تراویح کے اوقات کار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔

انھوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے کنٹرول سیل اور شکایاتی سیل بنا دیئے گئے ہیں جس میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اپنے تمام قومی اوردفاعی اداروں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے خلاف کوئی بھی جاری مہم کا ساتھ نہیں دیں گے اور کسی نجی ٹی وی چینل کو مذہبی منافرت پھیلانے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوں ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کا کام افہام و تفہیم پیدا کرنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ فیصل آباد کے سٹیم پاور سٹیشن کوگیس فراہم کر کے آپریشنل کر دیا گیا ہے جس سے 260میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گئی ہے۔ انھوں نے فیسکو حکام کو ہدایات جاری کیں کہ انڈسٹری کی لوڈ شیڈنگ کیلئے ایسا شیڈول مرتب کیا جائے جس سے انڈسٹری دوشفٹوں میں متواتر چل سکے۔انھوں نے کہا کہ فیسکو واحد کمپنی ہے جس کے لائن لاسز دوسری تمام کمپنیوں کے مقابلے میں سب سے کم ہیں اور اس کی وصولیاں بھی سب سے زیادہ ہیں اور اس کو مثال بنا کر دوسری ڈسٹری بیوشن کمپنیاں بھی اپنے لائن لاسز کو کم کریں اور وصولیوں کو یقینی بنائیں تاہم انھوں نے کہا کہ فیسکو کے32فیڈر جن کے لائن لاسز 20فیصد سے زائد ہیں ان کو اگلے چند ماہ کے دوران کم سے کم کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے ایڈوائزربرائے پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق حسین ، چیف ایگزیکٹو فیسکو خورشید عالم، چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز خرم مختار اور فیسکو کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔