یورپی یونین نے بھارتی آم و دیگر پھل وسبزیوں پر لگائی گئی پابندی ختم کردی ،پاکستان کے پھل و سبزیوں کی کڑی نگرانی کا خدشہ مزید بڑھ گیا، بھارت پر پابندی کے خاتمے کو لے کر پاکستان میں قرنطینہ مہم نرم کی گئی تو پاکستان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں، ماہرین

ہفتہ 17 مئی 2014 07:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء)یورپی یونین نے بھارتی آم اور دیگر پھل وسبزیوں پر لگائی گئی پابندی ختم کردی ہے ،جبکہ پاکستان کے پھل اور سبزیوں کی کڑی نگرانی کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔بھارتی ہارٹی کلچر منسٹری کے ایک بیان کے مطابق یورپی یونین نے بھارت پر عائد کی جانے والی پابندی ختم کردی ہے۔ یورپی یونین کی پابندی کے خاتمے کے بعد بھارت سے یورپی یونین کو آم کی برآمد کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور رواں ہفتے سے ہی یورپی یونین کو بھارت سے آم کی برآمد شروع کردی جائے گی۔

بھارت نے ہارٹی کلچر سیکٹر کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور مستقبل میں اس طرح کے خدشات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہارٹی کلچر پالیسی پر کام شروع کردیا ہے جو آئندہ 3 ماہ میں جاری کردی جائیگی۔

(جاری ہے)

ادھر بھارت پر پابندی کے بعد مارکیٹ شیئر بڑھانے کی امیدیں لگانے والے پاکستانی ایکسپورٹرز کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ ہارٹی کلچر انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی پابندی کو لے کر پاکستانی انڈسٹری میں شدید بے چینی پائی جارہی تھی اور ہنگامی بنیادوں پر فروٹ فلائی سے پاک باغات کے معائنے اور رجسٹریشن کی مہم شروع کردی گئی تھی، غیررجسٹرڈ فارمز سے یورپ کو آم کی ایکسپورٹ کے لیے ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کو لازمی قرار دیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان میں ہاٹ واٹر ٹریٹمنٹ کو کمرشل بنیادوں پر چلانے والے سرمایہ کاروں نے جیبیں بھرنے کی تیاریاں کرلی تھیں۔

بھارت پر پابندی ختم ہونے کے بعد پاکستان میں آم کے معیار کی بہتری اور فروٹ فلائی کی روک تھام کے لیے شروع کی جانے والی مہم بھی ٹھنڈی پڑنے کا خدشہ ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے اعلیٰ سطح پر ڈپلومیسی کے ذریعے خود پر 2سیزن کے لیے عائد کی جانے والی پابندی 2 ہفتوں میں ختم کرادی، اس کے برعکس پاکستان میں قومی مفادات پر اس طرح کا سیاسی اتفاق رائے اور کامیاب سفارت کاری کی مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔

یورپی یونین کی جانب سے پاکستانی سی فوڈ پر عائد پابندی ختم کرانے میں 6سال کا عرصہ لگا، بھارت پر پابندی ختم ہونے کے باوجود پاکستانی آم پر پابندی کی تلوار لٹک رہی ہے، گزشتہ سیزن میں یورپ میں پاکستانی آم کے کنٹینرز کی بڑی تعداد مسترد کی گئی تھی اور اس سال سخت مانیٹرنگ کی وارننگ دی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت پر پابندی کے خاتمے کو لے کر پاکستان میں قرنطینہ مہم نرم کی گئی تو پاکستان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔