اسلام آباد،چیئرمین نیب کاکیسوں میں تاخیرمیں کمی کیلئے نیاایکشن پلان جاری ،ایکشن پلان کامقصدکیسوں میں انکوائری ،تحقیقات اورعدالتی کارروائیوں میں تاخیرکی شرح میں کمی لاناہے

ہفتہ 17 مئی 2014 07:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء)چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب)نے کیسوں میں تاخیرمیں کمی کیلئے نیاایکشن پلان جاری کردیاہے ،ایکشن پلان کامقصدکیسوں میں انکوائری،تحقیقات اورعدالتی کارروائیوں میں تاخیرکی شرح میں کمی لاناہے ۔جاری پریس ریلیزکے مطابق چیئرمین نیب نے کیسزپرعملدرآمدکے مختلف مرحلوں میں بڑھتی ہوئی تاخیرکانوٹس لیتے ہوئے بیوروزکوہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں زیادہ فعال ہوں ۔

چیئرمین نیب نے کیسوں میں تاخیرکوماہانہ بنیادوں پرکم کرنے کیلئے ایکشن پلان تیارکرلیاہے ۔پہلاپلان مئی کے مہینے کے لئے تیارکیاگیاہے ،نیب بیورونے ایکشن پلان پرعملدرآمدشروع کردیاہے ،نیب سے ریجنل دفاترکوجاری سرکولرمیں خدشات ظاہرکئے گئے ہیں کہ ٹیکس دہندگان کی طرف سے نیب پررقوم خرچ کرنے کے باوجودکیسوں میں تاخیرکم نہیں ہوئی جس سے تنظیم کی کارکردگی میں کمی ظاہرہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

پلان کے مطابق نیب ونگزاوربیوروزکوہدایت کی گئی کہ وہ تحقیقاتی افسران پرکام کے مطابق دوبارہ سے ترجیح دیں وہ انکوائریاں اورتحقیقات جن پراسی فیصدکام مکمل ہوچکاہے ،اس ماہ کے اختتام تک ختم کئے جائیں ۔ان کیسوں کوتیس مئی تک بغیرکسی مزیدوقت کے کامیابی سے مکمل کیاجائے ۔ہائی لیول کمیٹی میں پرانے کیسوں پراٹھائے گئے سوالات کونتیجہ خیزبنانے کیلئے کم سے کم مدت میں مکمل کیاجائے ۔

ایکشن پلان میں ہدایت کی گئی ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں اورکیس افسران اپنے کیسوں پرعملدرآمدکے لئے روزانہ کی بنیادپرٹیموں سے تبادلہ خیال کریں ۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں متعلقہ ڈائریکٹرکوہفتے میں دودفعہ بریفنگ دیں ۔علاقائی ڈائریکٹرجنرل ڈائریکٹروں سے ہفتہ واراورتحقیقاتی ٹیموں سے ماہانہ بنیادوں پربریفنگ لیں ،تمام علاقائی نیب دفاترنیب ہیڈکوارٹرزہرماہ کی تین تاریخ کوجاری کیسوں کی نئی لسٹ بھیجیں ۔

تمام علاقائی دفاترکوسختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انکوائریوں اورتحقیقات کی شکایات کی تصدیق کیلئے آپریشنل طریقہ کارپرسختی سے عملدرآمدکریں ۔تمام علاقائی بیوروکومزیدایک موقع ملے گا،مزیدتوسیع کے لئے چیئرمین نیب کی منظوری درکارہوگی ،کیس میں نامعلوم وجوہات کی بنیادپرتاخیرکی صورت میں چیئرمین نیب کی منظوری سے اقدامات میں توسیع سے مطلع کیاجائیگا۔استغاثہ ڈویژن بھی اس لائحہ عمل پرعملدرآمدکریگا،تمام ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل اکاوٴنٹیبلٹی اورچیئرمین نیب کوروزانہ کی بنیادپرعدالتوں میں کیسوں پرجاری پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :