اسلام آباد،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکج کیلئے 2ارب روپے کی منظوری دیدی،کمیٹی گدوتھرمل پاورسٹیشن کے لئے 6ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرنے کی بھی منظوری ،پاورسیکٹرکے لئے 31ارب روپے کی ساورن گارنٹی جاری کرنے کی منظوری ،وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی سربراہی میں ای سی سی اجلاس میں فیصلے

ہفتہ 17 مئی 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17مئی۔2014ء)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکج کیلئے 2ارب روپے کی منظوری دیدی ۔کمیٹی نے 6ایم ایم سی ایف ڈی گیس گدوتھرمل پاورسٹیشن کوفراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی۔کمیٹی کے اجلاس میں وزارت پانی وبجلی کے پاورسیکٹرکے لئے 31ارب روپے کی ساورن گارنٹی جاری کرنے کی سمری بھی منظورکرنے کافیصلہ کیاگیا۔

یہ منظوری وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی سربراہی میں ایوان وزیراعظم میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی ۔جاری پریس ریلیزکے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلا س میں رمضان ریلیف پیکج پرغورکیاگیااورپیکج کیلئے دوارب روپے کی منظوری دی گئی ۔جس سے یوٹیلٹی سٹورزپرضروری خودرنی اشیاء میں ریلیف فراہم کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

ان اشیاء میں آٹے پر6روپے فی کلو،گھی،آئل 10روپے فی کلو،دالوں پر10روپے فی کلو،بیسن 10روپے فی کلو،کھجوریں 10روپے فی کلو،چاول 10روپے فی کلو،مشروبات 10روپے فی کلو،چائے 50روپے ،دودھ 10روپے فی کلواورمصالحہ جات میں 10فیصدرعایت دی جائے گی ۔

پیکج 23جون سے نافذالعمل ہوگا۔اجلاس میں سیکرٹری پٹرولیم وقدرتی وسائل نے کمیٹی کوبتایاکہ ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈنے پیرکوہ میں گیس کاایک نیاذخیرہ دریافت کیاہے ۔ابتدائی اندازوں کے مطابق اس ذخیرے سے اندازاًچھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل ہونے کی امیدہے اوریہ تقریباًابتدائی طورپراٹھارہ ماہ کیلئے دستیاب ہوگی ۔کمیٹی نے یہ چھ ایم ایم سی ایف پرگیس 18ماہ کیلئے گدوتھرمل پاورسٹیشن کوفراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔

کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کی پاورسیکٹرکے لئے 31ارب روپے کی ساورن گارنٹی وزارت خزانہ کوجاری کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے ۔اجلاس میں وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف،وزیرصنعت وپیداوارغلام مرتضیٰ جتوئی ،وزیرپٹرولیم وقدرتی وسائل شاہدخاقان عباسی ،وزیرسائنس وٹیکنالوجی زاہدحامد،وزیرقومی خوراک سیکورٹی سکندرحیات بوسن ،وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق،وزیرمملکت آئی ٹی وٹیلی کام انوشہ رحمان ،وفاقی سیکرٹری اوردوسرے اعلیٰ حکومتی حکام شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :