سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا استعمال ہر ملک کا حق ہے، عالمی اجازت کے تحت سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں پاکستان کی مدد کرتے رہیں گے،چین کا اعلان، دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں، دنیا بھی انہیں تسلیم کرے ،کاشغر سے گوادر تک معاشی راہداری بنائی جارہی ہے،چین پورٹ قاسم اور بہاولپور میں بجلی کے منصوبے لگارہا ہے،چینی سفیر ، اگر چین کردار ادا کرے تو پاک بھارت کشیدگی کم ہوسکتی ہے،محمود خان اچکزئی،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکے اجلاس میں اظہار خیال

جمعہ 16 مئی 2014 07:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں ہم پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں، دنیا بھی انہیں تسلیم کرے ،پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرینگے ۔سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا استعمال ہر ملک کا حق ہے اور عالمی اجازت کے تحت سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں پاکستان کی مدد کرتے رہیں گے ۔

کاشغر سے گوادر تک معاشی راہداری بنائی جارہی ہے،چین پورٹ قاسم اور بہاولپور میں بجلی کے منصوبے لگارہا ہے پاکستان میں تھرمل پاور پلانٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی دے رہے ہیں یہ ٹیکنالوجی ماحول دوست ہوگی، اس کے علاوہ ہائی ویز اور موٹرویز کے منصوبے بھی ہیں ۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر چین کردار ادا کرے تو پاک بھارت کشیدگی کم ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اجلاس اویس لغاری کی زیر صدارت ہوا۔ چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے پاک چین تعلقات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی عظیم ہے اور دونوں میں اعتماد پر مبنی تعلقات ہیں ۔ چین پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے چین کے مرکزی ٹی وی اور پی ٹی وی کے درمیان ایم او یو ہوا ہے اس کے علاوہ پاکستان میں چائنہ ریڈیو سنٹر بنایا ہے جس میں اردو زبان میں بھی پروگرام چلائے جائینگے ۔

پاکستان اور چین دونوں کا معاشی فورم بنایا گیا ہے اس کے علاوہ کاشغر سے گوادر تک معاشی راہداری بنائی جارہی ہے اس راہداری کے ذریعے توانائی ، انفراسٹرکچر اور معاشی ترقی پر توجہ دی جائے گی اس کے علاوہ چین ، پورٹ قاسم اور بہاولپور میں بجلی کے منصوبے لگارہا ہے پاکستان میں تھرمل پاور پلانٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی دے رہے ہیں یہ ٹیکنالوجی ماحول دوست ہوگی، اس کے علاوہ ہائی ویز اور موٹرویز کے منصوبے بھی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنیوں نے کامیابی سے تھری جی اور فور جی کی نیلامی میں بھی حصہ لیا ہے اور پاکستان میں کمیونیکیشن کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے ۔پاک چین معاشی راہداری کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے اس سے مزید مواقع بھی حاصل ہونگے لوگوں کو روزگار ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات ہورہے ہیں۔

چین افغانستان میں شفاف انتخابات کا خواہاں ہے کیونکہ یہ انتخابات افغانستان کے مستقبل کیلئے اہم ہیں پرامن افغانستان خطے کے تمام ممالک کے لئے ضروری ہے افغان عوام نے بہت مشکلات کا سامنا کیا ہے اور ان کا حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں انہوں نے کہا کہ چین افغانستان کے حوالے سے قریبی رابطے میں ہے انہوں نے کہا کہ چین میں کئی دہشتگرد حملے ہوئے جس کے پیچھے ایسٹ ترکمانستان موومنٹ کا ہاتھ ہے اور اس مہم میں دہشتگرد موجود ہیں چین دہشتگردی کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور انہیں چین کی ترقی کو سبوتاژ نہیں کرنے دیاجائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دہشتگردی کا سامنا کررہے ہیں ہم پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں اور دنیا بھی انہیں تسلیم کرے ہم پاکستان کے ساتھ مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایشیا تیز ترین ترقی کررہا ہے اور چین اس میں لیڈنگ رول ادا کررہا ہے ہم دنیا میں تیز ترین معاشی ترقی کرنے والے ملک ہیں بھارت بھی دنیا میں ترقی کرنے ممالک میں سے ایک ہے اس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا م چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوں تاکہ چین اور خطے کے دیگر ممالک مل کر کام کرسکیں چین کا خطے میں سوائے معاشی ترقی کے دوسرا کوئی مقصد نہیں ہے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چین کے کردار کے حوالے سے شنگھائی تعاون تنظیم سب سے بہتر مثال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے جے ایف 17تھنڈر پر تعاون کی اچھی مثال قائم کی ہے جے 15اور جے 100پر کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین تیزی سے معاشی ترقی کرنے والا ملک ہے مگر ہم نمبر ایک معیشت ہونے کا دعویٰ نہیں کرتے اور نہ ہی ایک اور سپر پاور بننے جارہے ہیں ۔ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل پارک بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا استعمال ہر ملک کا حق ہے اور عالمی اجازت کے تحت سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں پاکستان کی مدد کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چائنہ فائبر کیبل کے ذریعے کنیکٹ ہونگے اور فائبر کیبل پلانٹ پر کام جاری ہے کمیٹی کے اراکین نے چین کے سفیر کی بریفنگ پر شکریہ ادا کیا ۔ رکن کمیٹی آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ ایساف اور امریکہ کے خطے سے جانے کے بعد چین اس خطے کو کیسے دیکھتا ہے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر چین کردار ادا کرے تو پاک بھارت کشیدگی کم ہوسکتی ہے ۔ رکن کمیٹی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین تعلقات منفرد ہیں اور اعتماد پر مبنی ہیں ۔ پاکستان ایسٹ ترکمانستان موومنٹ سے آگاہ ہے اور جانتا ہے کہ اسے کیسے ڈیل کرنا ہے چین نہ صرف ہمارا دوست ہے بلکہ ہمارے مسائل کو بھی سمجھتا ہے ۔